اومیکرون کا خطرہ،این سی او سی نے بوسٹرڈوزکیلئے عمر کی حد میں کمی کردی

4boosterage.jpg

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے نئے ویرئنٹ اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کیلئے شہریوں کی عمر کی حد کو مزید کم کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال، نیشنل ویکسین سٹریٹیجی اور وباء سے بچاؤکیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری 2022 سے ملک میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد بھی اپنی مرضی سے بوسٹر ڈوز لگانے کے اہل ہوں گے ، جبکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز ہر شہری کو لگانے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔


میٹنگ میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران7لاکھ 13 ہزار582 افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی جس کے بعد ملک میں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے والی آبادی کی شرح 58فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ این سی او سی نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز اس سےقبل ہیلتھ ورکرز،50 سال سے زائد اور کم قوت مدافعت والے افراد کو لگانے کی اجازت دے رکھی تھی۔