حکومت کا فرح خان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اعلان

13%D9%81%D8%A7%D8%B1%D8%A7%DA%BE%DA%A9%DA%BE%D8%A7%D9%86%D8%B1%D8%B9%D8%AF%D9%86%DB%81%D8%AA%DB%8C%DA%86%D8%B9.jpg

پنجاب حکومت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنےکا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ اور ملک احمد خان نے یہ اعلان ایوان وزیراعلی پنجاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا ، اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان، بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور احسن جمیل پر مشتمل ٹرائیکا کے سربراہ ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کووطن واپس لائیں دودھ کا دودھ اور پانی کاپانی ہوجائے گا، اگر انہیں کوئی ڈر نہیں ہے تو وہ فرح گوگی کو واپس کیوں نہیں لاتے؟ہم نےفرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، عمران خان کوآرمی چیف نےکہا تھا کہ کرپشن کرو؟۔


صوبائی وزیر ملک احمد خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک سے بیرونی سازش کے بیانیہ کی حقیقت سامنے آگئی ہے، غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کی مہم چلانے والی بشریٰ بی بی ماسٹر مائنڈ ہیں، "توشہ خان" آرمی چیف کو غیر آئینی اقدام نا کرنے پرالزام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر توشہ خان کے خلاف الزامات کی فہرست بہت لمبی ہے، پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم کرکے اربوں روپے بزداراور گوگی کے ذریعے بشریٰ بی بی تک پہنچائے گئے ،یہ کرپشن عمران خان کی مرضی کےبغیر کیسے ہوسکتی تھی؟ عمرا ن خان نے اپنی حکومت جاتے دیکھ کر سازش کا بیانیہ گھڑا۔