کتنے فیصد شہریوں نے انتخابات ایک ہی دن منعقد کرنے کی حمایت کردی؟

election-pakistan-one-day.jpg


ایک سروے کے دوران 51 فیصد افراد نے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کی حمایت کردی ہے۔
ملک میں جاری سیاسی بحران کے تناظر میں انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کی جانب سے تازہ ترین سروے کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔ سروے میں عوام سے موجودہ سیاسی صورتحال، انتخابات کے انعقاد ، مہنگائی اور سیاسی جماعتوں کے رویوں سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں۔

سروے کے دوران عوام سے ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کا سوال پوچھا گیا تو 51 فیصد افراد نے اس کی حمایت کی جبکہ 34 فیصد نےمخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پہلے ہونے چاہئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا سمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے سے متعلق سوال کے جواب میں 35 فیصد افراد نے اس فیصلے کو غلطی قرار دیا جبکہ صرف 16 فیصد لوگوں نے اس فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔

مہنگائی کا ذمہ دار کون؟ اس سوال کے جواب میں 49 فیصد لوگوں نے موجودہ حکمران اور پی ڈی ایم جماعتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جبکہ32 فیصد عوام نے مہنگائی کی ذمہ داری عمران خان کی سابقہ حکومت کے کھاتے میں ڈالی،سیاسی مذاکرات کے حق میں 77 فیصد افراد نے ووٹ دیا اور کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کو مل ملکی مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔