خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
ضلع گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر میں واقع میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اس زمین کے مالکان موقع پر پہنچ گئے۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈز نے سیدھی فائرنگ کی تو 2 لوگ موقع پر مارے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں بننے والی میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی بزنس ٹائیکون ملک ریاض کے بھانجے ملک بلال کے نام پر شروع کی گئی تھی۔ اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے چوآء گاؤں اور اس کے آس پاس کی زرعی اراضی پر قبضہ کرنا شروع کر دیا۔ اس زمین کے مالکان نے موقع پر پہنچ کر مزاحمت کی تو ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈز نے سیدھی فائرنگ کر دی جس سے ایک خاتون اور ایک مرد جاں بحق ہو گیا جبکہ 6 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ متاثرہ افراد کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگا دی گئی اور بعد ازاں جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ واقعہ کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں جبکہ مشتعل مظاہرین نے دفتر کو آگ لگا دی ہے اور پتھر پھینکنے سے عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس پرتشدد مظاہرے میں کم از کم چار موٹرسائیکلوں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے ان کے علاقے سے نکالنا شروع کر دیا اور اس مقصد کیلئے فائرنگ کی گئی ہے جس کے بعد مظاہرین نے سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگا دی اور پھر جی ٹی روڈ پر دھرنا دے دیا۔ ڈی پی او گجرات نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے تاہم ان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ پولیس کی جانب سے دھرنے کے اطراف بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ جبکہ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعہ کے خلاف تھانہ صدر سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں دفعہ 302، 324، 447، 511، 148 اور 149 شامل کی گئی ہے۔ مقدمے میں 10 مسلح ملزموں جبکہ 50 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ‏شرجیل میمن اور اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، یہ دونوں تو آصف علی زرداری اور نواز شریف کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پنڈورا پیپرز سے نواز زرداری کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں۔ قوم نے پہلے پاناما اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اُترتا دیکھا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چودھری پنڈورا پیپرز سے متعلق کہہ چکے ہیں کہ پنڈورا پیپرز میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے امیر ملکوں پر زور دیا کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ فواد چودھری نے کہا ہمیں امید ہے کہ "پینڈورا پیپرز" تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی۔ ‏پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔
آف شور کمپنیاں ایسے ادارے ہوتے ہیں جنہیں ایسے ممالک میں قائم کیا جاتا ہے جہاں کا قانون نہ تو یہ پوچھتا ہے کہ آپ جو پیسہ یہاں لائے یہ کہاں سے کما کر کیسے لائے ہیں؟ اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی آڈٹ رپورٹ کی مانگ کی جاتی ہے۔ دنیا کے کچھ ممالک ایسے ہیں جہاں ٹیکسوں میں چھوٹ دی جاتی ہے اور ٹیکس ریٹرن بھی ظاہر نہیں کیا جاتا۔ اب انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس نے پنڈروا پیپرز میں ایک مرتبہ پھر آف شور کمپنیوں کا پنڈورا باکس کھول دیا ہے جس میں ملکی و غیرملکی معروف شخصیات سمیت پاکستان کے بھی متعدد سیاست دان، فوجی جرنیل، وزرا اور دیگر مشہور شخصیات کی آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ دراصل آف شور کمپنیوں میں پیسہ رکھنا غیر قانونی نہیں لیکن پاکستانی پبلک آفس ہولڈرز کیلئے آف شور اکاؤنٹس کو ظاہر کرنا لازمی ہے۔ ان اکاؤنٹس کو ایف بی آر اور ایس ای سی پی میں ظاہر کرنا ہوتا ہے اور باہر بھیجے گئی رقم کی منی ٹریل دکھانا ہوتی ہے۔ سیاست دانوں کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن پاکستان میں اپنے اثاثے ظاہر کرتے وقت آف شور کمپنیاں بھی ظاہر کریں۔ دنیا میں کچھ ایسے ممالک موجود ہیں جہاں آف شور کمپنیاں بنائی جا سکتی ہیں ان میں برطانیہ، بیلیز، کیمن آئس لینڈ، پانامہ، ماریشس، سیشیلز، نیوس، برٹش ورجن آئی لینڈ، ہانگ کانگ، لابوان ، ویتنام، سنگاپور، سائپرس، جبرالٹر، لکسمبرگ، انگولیا، ساموا، وانواتو، مالٹا، نیدرلینڈ، سوئٹزرلینڈ، بھاماس و دیگر ممالک شامل ہیں۔
پنڈورا پیپرز کی تفصیلات سامنے آنے سے پتہ چلا ہے کہ اس فہرست میں شامل پاکستانی کچھ زیادہ پیچھے نہیں رہے۔ جن پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں وہ بیرون ممالک میں متعدد پراپرٹیز کے مالک ہیں۔ ان میں پاکستان کے چند بڑے نام بھی شامل ہیں جن کی وجہ سے پاکستانی لندن میں جائیدادیں خریدنے والوں میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ ملک کےبڑے خبر رساں ادارے جنگ سے منسلک صحافی عمر چیمہ کا دعویٰ ہے کہ جن لوگوں نے آف شور کمپنیاں بنائیں اور ان کی مدد سے جائیدادیں خریدیں ان کا مقصد ٹیکس سے بچنا تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ایسی کمپنیز کو "شیل کمپنیز" کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے "ایسی فرمز جن کے شیئرز کا اعلان درالمبادلہ میں ہو لیکن لین دین نہ کریں" اس کا بنیادی مقصد ٹیکس سے بچنا ہی ہوتا ہے۔ پنڈوار پیپرز میں سامنے آنے والی تفصیلات سے پتہ چلا ہے کہ اس فہرست میں سب سے اوپر برطانوی شہری ہیں، ان کے بعد نائجیرین، بھارتی، روسی اور پھر پاکستانی افراد شامل ہیں۔ خفیہ فائلوں نے 716 آف شور فرمز کے ذریعے خریدی گئی ایک ہزار 542 برطانیہ کی جائیدادوں کے 681 گمنام بینیفشل اونرز کا پتہ لگایا ہے۔ ان جائیدادوں کی قیمت ساڑھے 5 ارب ڈالرز سے زائد ہے۔ پنڈورا پیپرز میں پاکستان کے جن بڑے ناموں سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں ان میں پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان، عارف مسعود نقوی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) شفاعت اللہ شاہ کا خاندان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حبیب اللہ خٹک کی بیٹی، طارق سعید سہگل، سکندر مصطفیٰ خان اور عامر اسحاق خان شامل ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر لندن میں پراپرٹی خریدنے کے لیے برٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ایک کمپنی "ہیکسام انویسٹمنٹ اوورسیز لمیٹڈ" کے مالک ہیں۔ کمپنی کے اونرشپ کے ریکارڈ میں تین جائیدادیں دکھائی گئی ہیں۔ عارف مسعود نقوی وزیراعظم عمران خان کے ایک اور فنانسر ہیں جو اس وقت برطانیہ کی جیل میں ہے اور امریکا کے حوالے کئے جانے کے منتظر ہیں وہ دو آف شور کمپنیوں "بلونڈیل اسیٹس لمیٹڈ" اور "ویلولیا اسٹار لمیٹڈ" کے ذریعے چھ جائیدادیں رکھتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شفاعت اللہ شاہ سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی طلحہ لمیٹڈ لندن میں ایک پراپرٹی کی مالک ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حبیب اللہ خٹک کی بیٹی شہناز نے دو جائیدادیں خریدیں۔ ان میں سے ایک شیڈی ٹری پراپرٹیز لمیٹڈ کے نام پر اور دوسری ساؤتھ ویسٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے نام پر ہے۔ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سعیدہ اختر نامی پاکستانی خاتون کے پاس سب سے زیادہ جائیدادیں ہیں جن کی ملکیت ہل ٹاپ سپلائیز لمیٹڈ کے پاس ہے۔ کمپنی کے نام پر 16 جائیدادیں سامنے آئی ہیں۔ منشیات کے اسمگلر آصف حفیظ نے سروانی ایس اے کے ذریعے 3 جائیدادیں خریدیں۔ قبل ازیں ذرائع ابلاغ سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ منشیات کے اسمگلر آصف حفیظ نے ہیروئن درآمد کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد یہ جائیدادیں برطانیہ میں کھو دی تھیں۔ وہ لندن میں ایک لگژری اپارٹمنٹ کے مالک تھے جس کی مالیت 2.25 ملین برطانوی پاؤنڈ تھی۔ یہی نہیں وہ ونڈسر میں دو فارم ہاؤسز کے بھی مالک تھے جن کی مشترکہ قیمت تقریباً چھ ملین برطانوی پاؤنڈز کے قریب تھی۔
عمران خان کو بتایا گیا کہ آخری دو سال میں بھی اگر ڈیلیور نہ کیا گیا اور توجہ کا مرکز پنجاب کو نہ رکھا گیا تو آئندہ الیکشن میں آپ نہیں آ سکیں گے۔سینئر صحافی رانا عظیم کا دعویٰ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2021ء) سینئر صحافی رانا عظیم کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بہت اہم کام ہو رہے ہیں۔لوگ کے پی کے کا رخ کر رہے ہیں۔ان کے سیاحتی مقامات آباد ہو گئے ہیں۔وہاں پر ٹریفک جام رہتی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران مزید کہا کہ وہاں پر کاروبار ٹھیک ہو گیا اور ہر گھر کے اندر ہیلتھ کارڈ مل گیا۔جرائم کی شرح بھی وہاں پر کم ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں بھی حکومت نے محرومیاں ختم کی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب اور وزراء بہت کام کر رہے ہیں مگر رزلٹ اس لیے نہیں آ رہا کہ نیچے جو بیورو کریسی کام کر رہی ہے وہ ان کی نہیں۔عمران خان کو بتایا گیا کہ آخری دو سال میں بھی اگر ڈیلیور نہ کیا گیا اور توجہ کا مرکز پنجاب کو نہ رکھا گیا تو آئندہ الیکشن میں آپ نہیں آ سکیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ اپوزیشن ملک میں قبل از وقت انتخابات کی بات کی رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہمیں قبل از وقت انتخابات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ عمران خان نے قبل از وقت انتخابات کا آپشن رکھا ہوا ہے، ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان تین سال سے کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی پچھلی حکومت کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کے قبل از وقت انتخابات کا مطلب یہ ہوگا کہ یہ لوگ اپنا ٹاسک مکمل نہیں کرسکے۔محمد زبیر نے کہا کہ الیکشن کے لیے مینوئل سسٹم ہو یا ٹیکنالوجی سسٹم ہو، تمام اسٹیک ہولڈرز کا مطمئن ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے سسٹم میں ہیکنگ ہوگئی، کسی کو پتہ نہیں چلا۔ جبکہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کا ہم کل بھی اعلان کرسکتے ہیں، یہ ہمارا اختیار ہے،اپوزیشن قبل از انتخابات کی باتیں کرکے اپنی پارٹی کو منظم کرنا چاہتی ہے۔ ایک انٹرویو میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم پانچ سال مکمل کریں گے، انتخابات وقت پر ہوں گے، قبل از وقت انتخابات کروانا کسی بھی حکومت کا اختیار ہوتا ہے۔
وفاقی وزیرعلی امان گنڈا پور پر شہری کا الزام،دھمکی پراتر آئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیرعلی امین گنڈا پور پر شہری نے الزام لگادیا ،شہری شہباز نے ٹوئٹر پر الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر علی امین پولیس اور مافیا کے ذریعے میرے خاندان پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور آج ان کے حکم پر پولیس نے میرے بیمار والد اور بھائی کو بغیر کسی پیشگی شکایت یا قانونی نوٹس کے گرفتار کر لیا، پولیس نے میرے والد اور بھائی کو 5 گھنٹے سے زیادہ تک ہراساں کیا۔ شہری کی جانب سے بھائی اور والد کی مبینہ صوابدیدی گرفتاری کے الزام پر علی امین گنڈا پور نے ردعمل دے دیا، علی امین نے دھمکی آمیز ٹویٹ میں سوال کیا کہ تم کون ہو میں تمہیں نہیں جانتا، تم کیا کر رہے ہو اور تمہارا مسئلہ کیا ہے اور تم مجھ پر ایسا الزام لگارہے ہو،جس کے بارے میں جانتا بھی نہیں، مجھے یقین ہے تم انڈیا کے لئے کام کررہے ہو، پہلے مجھے معلومات نکالنے دو پھر معاملہ دیکھوں گا۔ علی امین کے اس طرح جواب پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے، اوسامہ خلجی نے کہا کہ وفاقی وزیر کو اس طرح بات نہیں کرنی چاہئے۔ بے نظیر جتوئی نے کہا کہ ڈھٹائی سے دھمکی دینے والا،وزیر اس طرح ایک شہری سے کیسے بات کر سکتے؟ اس کی حکومت پاکستان نوٹس لے۔ دیگر صارفین کی جانب سے بھی علی امین کے انداز گفتگو پر تنقید کی جارہی ہے۔
سی پیک کا پہلا منصوبہ مکمل، پاک چین ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا افتتاح پاک چین دوستی زندہ باد،سی پیک منصوبے پر کامیابی سے کام جاری ہے،گوادر میں سی پیک کا پہلا منصوبہ مکمل ہوگیا ہے، پاک چین ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گی ہے، افتتاحی تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ نے بھی ویڈیو لنک شرکت کی۔ چینی سفیر نے بتایا کہ منصوبے پر 10ملین ڈالر کی لاگت آئی اور اسے 20مہینے کی مختصر ترین مدت میں تیار کیا گیا ہے، یہ انسٹیٹیوٹ پاک چین ستر سالہ دوستی کی نشانی ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چائینہ انسٹیٹیوٹ اینڈ ووکیشنل ادارے میں جدید قسم کے آلات اور مشینری موجود ہے،انسٹی ٹیوٹ میں گوادر سمیت بلوچستان کے نوجوانوں کو بہترین فنی تعلیم اور ہنر سکھایا جائے گا۔ سفیر نے مزید بتایا کہ پاک چائینہ انسٹیٹیوٹ کے طالبعلموں کونہ صرف مفت رہائش بلکہ اسکالر شپ بھی دی جائیگی،چائینہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین ژانگ باؤشنگ نے میڈیا سے گفتگو میں انسٹیٹیوٹ کو نہ صرف گوادر بلکہ پورے خطےکیلئے بہترین ادارہ قرارد یا، انہوں ںے کہا یہ انسٹی ٹیوٹ خطے کی فنی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار سست ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں،اسلام آباد میں 600 کے وی مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ کورونا کے باعث سی پیک میں کچھ مسئلے آئے لیکن اب سی پیک پرتیزی سے کام جاری ہے،ملک میں پیسہ آئے گا تو قرض اتار سکیں گے،سی پیک کی رفتار تیز ہوگی۔
امریکا کا انسداد دہشتگردی پر پاکستانی صلاحیتوں کا اعتراف پاکستان عسکریت پسندوں کو پسپا کرنے اور جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کی صلاحیت رکھتا ہے،امریکی تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کرلیا،تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کے پاس صلاحیت کے کہ اقتدار سنبھال سکے اور اپنے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کرسکے،اتنا ہی نہیں پاکستان کسی بھی عسکریت پسند کو پسپا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بروکنگز کی رپورٹ "پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کا اذیت ناک مسئلہ" میں واضح کیا گیا کہ افغانستان میں طالبان کی فتح نے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو حوصلہ دیا، جس سے ملک میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کے دوبارہ شروع ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان میں جہادی اسلام آباد میں اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں،لیکن پاکستان کی پیشہ ورانہ فوج یقینی طور پر جواب دے گی اور وقت آنے پر کامیابی بھی حاصل کرے گی،ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ ایک حکومت اور انتہا پسند گروہوں کے درمیان مقامی جنگ کا نیا دور بھی شروع ہوسکتا ہے،بروکنگز کی رپورٹ میں متنبہ کیا گیا کہ ان حالات سے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول سے پاکستان میں دہشت گرد حکومت کے امکان بڑھ گئے جسے کوئی بھی امریکی صدر نظر انداز نہیں کر سکتا،پاکستان کے سیاسی اور عسکری رہنماؤں نے امریکا کو یقین دہانی کرائی کہ ایسا نہیں ہو سکتا کیونکہ پاکستان عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں،اس کے باجود امریکا پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں فکرمند ہے،مئی 1998 سے جب پاکستان نے پہلی مرتبہ جوہری ہتھیاروں کا تجربہ شروع کیا اس کے بعد سے امریکی صدور اس خوف سے پریشان رہے کہ پاکستان کے جوہری ذخیرے غلط ہاتھوں میں نہ چلے جائیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ ملک میں سرگرم مختلف دہشت گرد گروہوں کو بہت قریب سے جانتے ہیں،پاکستانی عہدیدار اپنے امریکی ہم منصبوں کو بتاتے ہیں کہ ’چاہے وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہو، حقانی نیٹ ورک، لشکر طیبہ، تحریک لبیک تما گروہوں مسلسل نگرانی میں ہیں۔ رپورٹ میں باور کرایا گیا کہ پاکستان متعدد بار جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور خطے میں ایٹمی تنازع کے خطرات سے آگاہ کرتا رہاہے،امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں مسئلہ کشمیر کا ذکر کئے بغیر واضح کہا گیا کہ پاکستان کے تنازع کا اثر بھارت پر بھی پڑتا ہے۔
دنیا بھر کو ہنسانے والے سب کو روتا چھوڑ گئے،کامیڈی کنگ عمرشریف ہم میں نہ رہے لیجنڈری فنکار اور اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف نے دنیا کے چہروں پر ہسنی بکھیری، آج یہ عظیم فنکار دنیا سے چلا گیا،وہ جرمنی کے اسپتال میں زیر علاج تھے، اُنہیں علاج کیلیے امریکا منتقل کیا جانا تھا لیکن کیا نہیں جاسکے جرمنی میں ہی طبیعت خرابی کے باعث انتقال کرگئے۔ عمر شریف نے کئی دہائیوں تک کروڑوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں،19 اپریل 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے،کیریئر کا آغاز 1974 میں اسٹیج اداکاری سے کیا،بے ساختہ اداکاری، میزبانی، اچھوتا اور منفرد انداز عمر شریف کی پہچان بن گیا، ان کا اصل نام محمد عمر تھا،شوبز میں آنے کے بعد انہوں نے اپنا نام عمر شریف رکھ لیا،انیس سو اسی میں اسٹیج ڈراموں کو پہلی بار آڈیو کیسٹ کے ذریعے ریلیز کرنے کا اعزاز بھی عمر شریف کے پاس ہے۔ نوے کی دہائی میں جنوبی ایشیا کا کنگ آف کامیڈی خطاب دیا گیا،اسٹیج ڈرامہ بکرا قسطوں پر،،،بے انتہا مشہور ہوا،اسٹیج ڈراموں میں عمر شریف کی جوڑی معین اختر کے ساتھ بہت مقبول رہی،عمر شریف نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت پوری دنیا بھر میں نام نام کمایا۔ انہوں نے ٹی وی، اسٹیج اداکار، کمپیئر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف، پروڈیوسر غرض تمام ہی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،بے پناہ خدمات کے باعث حکومتِ پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا،اسٹیج اور تھیٹر کی تاریخ عمر شریف کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے۔
خیبرپختونخوا کے مشہور مقام ایوبیہ پر قائم چیئر لفٹ کو خطرناک قرار دے کر اسے سیاحوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے ایوبیہ میں نصب چیئر لفٹ کو بند کرنے کا فیصلہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے )نے کیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایوبیہ کی چیئر لفٹ انتہائی خطرناک قرار دی گئی ہے جس کے بعد اسے سیاحوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، علاقے میں سیاحوں کو حکومتی زیر نگرانی میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ فیصلے کے حوالے سے جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل رضا علی خان نے کہا کہ ایوبیہ کی چیئر لفٹ اب انسانی زندگی کیلئے محفوظ نہیں ہے ، اس چیئر لفٹ کو1965 میں سیاحوں کی تفریح کیلئے نصب کیا گیا تھا جس پریومیہ سینکڑوں سیاح بیٹھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے ایک غیر ملکی کمپنی چیئرلفٹ کو آپریٹ کررہی تھی، مستقبل میں یا تو نئی چیئر لفٹ لگائی جائے گی یا موجودہ چیئرلفٹ کو مکمل طور پر مرمت اور محفوظ بنائے جانے کے بعد سیاحوں کیلئے دوبارہ سے کھول دیا جائے گا۔
پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، سرباز خان نے نیپال میں آٹھ ہزار میٹر سے بلند داولاگیری چوٹی سر کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے 32 سالہ کوہ پیما سرباز خان نیپال کی آٹھ ہزار 167 میٹر بلند داؤ لاگیری پیک سر کرنے کے بعد آٹھ ہزار میٹر سے بلند نو چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ انہوں نے محمدعلی سدپارہ کا 8 ہزار میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کرنے کا قومی ریکارڈ توڑ دیا، سرباز خان نانگا پربت ، کے ٹو، لوٹسے، براڈ پیک، مناسلو، اناپورنا، ایوریسٹ اور گشیربرم ٹو بھی سر کرچکے ہیں۔ پاکستانی کوہ پیما سر باز خان دنیا کی دسویں سب سے اونچی چوٹی اناپورنا سر کرنے والے پہلے پاکستانی بھی ہیں۔ دنیا میں اس وقت مجموعی طور پر 14 چوٹیاں آٹھ ہزار میٹر سے بلند ہیں جنہیں اب تک 44 کوہ پیما سر کر چکے ہیں لیکن ان میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں، سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرکے پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
مشہور برطانوی اخبار "فنانشل ٹائمز" نے وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے مابین تعلقات سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت افواج پاکستان اور حکومت وقت کے درمیان تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ چونکہ عمران خان نے فوج کو ملک کی خارجہ پالیسی سے متعلق مکمل چھوٹ دے رکھی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے تعلقات پہلے سے بھی بہتر دکھائی دیتے ہیں۔ برطانوی اخبار نے گیلپ پاکستان کے ایک حالیہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی اس وقت ملک میں مقبولیت 48 فیصد ہے جو کہ ان کے انتخاب کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ مقبولیت ہے۔ جبکہ اپوزیشن جماعتیں موروثی اختیارات کی جنگ میں غیر منظم ہیں۔ غیر ملکی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانیوں کو یقین ہے کہ عمران خان 2023 کے انتخاب تک اپنے دور حکومت کے 5 سال مکمل کر لیں گے۔ فنانشل ٹائمز نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ انہوں نے اب تک ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے دعوے کو سچ کر کے نہیں دکھایا۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد پر ہے جبکہ خوراک کی قیمتوں میں تو اس سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ پھر اوپر سے افغانستان میں طالبان کی حکومت بننے سے بھی ملک میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طالبان کی حکومت کے اعلان کے بعد عمران نے کہا کہ دنیا کو انسانی حقوق اور حکمرانی کے بارے ان کے ریکارڈ کا جائزہ لینے سے پہلے انہیں زیادہ وقت دینا چاہیے۔ اس میں دو رائے نہیں ہے کہ پاکستانی فوج افغانستان میں طالبان کی فتح کو ایک اسٹریٹجک جیت کے طور پر دیکھتی ہے، یہاں تک کہ خطے میں دیگر عسکریت پسندوں کے خطرے کے باوجود مغرب کو پچھاڑ رہی ہے۔ طالبان کے قبضے کے بعد سے پاکستانی وزیراعظم خود طالبان کو پہچان دلانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کے پیغامات کو امریکہ میں اہمیت نہیں دی جارہی، صدر جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے عمران خان کو فون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان خود کو مغرب اور افغانستان کے درمیان ایک ثالث کے طور پر پوزیشن دے رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کو بطور وزیر کام سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن کمیشن اگر فارن فنڈنگ انکوائری کررہا ہے تو کیا وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ نے کہا کہ خسرو بختیار وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ شوگر ملز کے مالک بھی ہیں، درخواست کے مطابق شوگر ملز پر نیب انکوائری چل رہی ہے، کون سا قانون کہتا ہے کہ وفاقی وزیر پر انکوائری شروع ہو جائے تو اسے عہدے سے مستفی ہونا چاہئے؟ جسٹس منصور علی شاہ نے مزید ریمارکس دیئے کہ آپ نیب قانون یا آئین کے حوالے سے یہ بات ثابت کر دیں کہ وفاقی وزیر کا انکوائری کی صورت میں مستعفی ہونا ضروری ہے،جس پر درخواست گزار احسن عابد نے کہا کہ روپا ایکٹ کہتا ہے کہ پبلک آفس ہولڈر امین ہونا چاہئے،درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ عدالت خسرو بختیار اور ان کے بھائی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم بھی دے،خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کو آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ کیس میں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیوں وفاقی وزیر خسرو بختیار اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں؟جسٹس عمر عطا بندیال نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کیس میں کوئی جان نظر نہیں آ رہی، آپ نے مثال دی دوسرے ملکوں میں ریلوے حادثے پر وزیر مستعفی ہو جاتے ہیں، یہ اخلاقی اقدار کی بات ہے جو جمہوری نظام میں مختلف ہوتے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا کہ بتائیں انکوائری شروع ہونے پر ہمارے ملک میں کتنے وزیر آج تک مستعفی ہوئے؟ الیکشن کمیشن اگر فارن فنڈنگ کیس کی انکوائری کر رہا ہے تو کیا وزیراعظم مستعفی ہو جائیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست گزار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیس کی تیاری کر کے آئیں ورنہ عوامی وقت ضائع کرنے پر آپکو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی،عدالت نے درخواست گزار کو کیس کی تیاری کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویت کی جانب سے پاکستان ایئرلائنز کے آپریشن پر مسلسل پابندیوں پر سخت ردعمل دے دیا، یکم اکتوبر سے کویت کی نامزد کردہ ایئرلائنز کی پروازوں کے آپریشن پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے اسے محدود کردیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کویت ایئر ویز اور جزیرہ ایئر ویز کی ہفتہ وار تین پروازیں کی پاکستان آمدورفت کیلئے ہر کو ایک، ایک پرواز تک محدود کردیا گیا،کویت ایئرویز اور جزیرہ ایئرویز کی جانب سے گزشتہ ماہ سے پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کویت سے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کی منظوری پاکستان اور کویت کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے کی شرائط پر مبنی ہے،اگر کویت پی آئی اے کو پروازیں چلانے کی اجازت نہیں دیتا تو سی اے اے مزید ریگولیٹری کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ کورونا وبا کے بعد کویت میں قومی ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشن پر پابندی عائد کردی گئی تھی جو اب تک قائم ہے، پابندی ہٹانے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی حکام کو ایک خط لکھا تھا جس میں سول ایوی ایشن حکام نے کہا تھا کہ پی آئی اے کو فضائی آپریشن کی اجازت نہ ملی تو کویت ایئرلائن سمیت کویت سے آنے والی ایئرلائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کویت کو خط میں کہا گیا تھا کہ کویتی حکام، پی آئی اے کو کویت میں آمد ورفت کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں، جیسا کہ کورونا وبا کے چیلنجز کے باوجود کویتی ایئرلائنز کو انتہائی سہولت فراہم کی گئی اور فلائٹ آپریشن کو بڑھایا گیا ہے۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی روپے کی قدر کے حوالے سے خطرناک پیش گوئی کردی ہے جس کے مطابق 2022 میں میں امریکی ڈالر180 روپے کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی فنچ نے اپنی سابقہ رپورٹس کو رد کرتے ہوئے پاکستانی روپے میں مزید گراوٹ کی پیش گوئی کردی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے ڈالر کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ ریٹنگ ایجنسی فنچ نے اس سے قبل پاکستانی روپے کے حوالےسے اپنی رپورٹ میں میں امریکی ڈالر کی 2022 میں متوقع قدر 165 روپے کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم26 اگست 2020 کو ڈالر168 روپے43 پیسے کا ہوگیا تھا جس کے بعد اس میں کمی واقع ہونا شروع ہوئی اور یہ14 مئی2021 کو 151 روپے83 پیسے کا ہوگیا تھا۔
وفاقی حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی یا موجودہ چیئرمین کی توسیع کے معاملے پر حزبِ اختلاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے، تاہم حکومت نے موجودہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت لازمی ہے، لیکن باہمی اختلافات کے باعث وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہ کرنے کا فیصلہ کیا دوسری جانب وزیراعظم کے قریبی رفقاء نے موجودہ چیئرمین کو ہی عارضی توسیع دینے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک دونوں جانب سے باہمی مشاورت کے بعد ایک شخص کا انتخاب نہیں کیا جاتا تب تک موجودہ چیئرمین نیب کو ہی توسیع دی جانی چاہیے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے صدارتی آرڈیننس کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے، آرڈیننس کے ذریعے موجودہ سربراہ نیب جاوید اقبال کو آئندہ چار سال تک توسیع دی جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے نئے چیئرمین نیب کے لئے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نئے چیئرمین نیب کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے، نیب نے شہباز شریف کو ملزم ڈکلیئر کیا ہوا ہے لہٰذا یہ طے ہے کہ نئے چیئرمین نیب کے لیے شہبازشریف سے مشاورت نہیں کریں گے کیونکہ شہباز شریف سے اگلے چیئرمین نیب کے بارے میں پوچھنے کا مطلب ہے کہ ملزم سے پوچھیں کہ اس کی تفتیش کون کرے گا۔
پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 1 لاکھ 50 ہزار گوشوارے داخل کئے گئے جو کہ کسی ایک دن میں داخل کئے جانے والے گوشواروں کی تعداد میں سب سے زیادہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 28 ستمبر کوتقریباً 1 لاکھ 50 ہزار ریکارڈ گوشوارے داخل کئے گئے۔ ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ڈیڈ لائن سے پہلے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کریں۔ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر روزانہ ایک ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور نان فائلرز کو دو سال قید کی سزا ہوگی۔ 300،000 روپے سے زائد سالانہ کاروباری آمدنی والے افراد اور انجمنوں کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ، سالانہ 600،000 روپے سے زیادہ کمانے والے تنخواہ دار افراد اور 500 مربع گز مکانات یا فلیٹس کے مالکان کو بھی ریٹرن داخل کرنا ہوگا۔ ایک ہزار سی سی کے گاڑیوں کے مالکان اور بڑے صنعتی صارفین جو سالانہ پانچ لاکھ روپے سے زائد بجلی کے بل ادا کرتے ہیں انہیں بھی ٹیکس ریٹرن داخل کرنا ہوگا۔ ایف بی آر کا مقصد ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا ہے۔ اس نے پچھلے سال 4 کھرب روپے ٹیکس جمع کیا تھا اور اس نے اگلے سال کے لیے 5.8 کھرب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے نے مطالبہ کیا ہے کہ ہدف 5.9 ٹریلین روپے رکھا جائے جو کہ ایک چیلنج ثابت ہوگا۔ دوسری جانب ایف بی آر کو گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواستیں ملی تھیں جس پر ایف بی آر حکام نے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ واضح رہےکہ ایف بی آر کے ٹیکس فائلنگ سسٹم آئرس میں تکنیکی مسائل سامنے آئے تھے جس کے باعث تاجروں کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بلوچستان کی صوبائی حکومت نے تمام محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام لوگ اپنے موبائل فونز پر 'پاکستان زندہ باد' کی رنگ بیک ٹونز لگائیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ایک بیوروکریسی کاایک اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے، صوبائی حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر بہادر خان کی جانب سے 29 ستمبر کو اس فیصلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام محکموں کے سربراہان، سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ خود اپنے موبائل فونز کی رنگ بیک ٹونزبھی تبدیل کریں اور اپنے اپنے دفاتر میں اپنے ماتحت افسران کے موبائل فونز پر پاکستان زندہ باد کی رنگ ٹونز لگوانے کو یقینی بنائیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت بلوچستان، سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہونے والی اس میٹنگ میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں یہ ہدایت جاری کرتا ہے کہ تما م سرکاری افسران اپنے اپنے موبائل فونز پر پاکستان زندہ باد کی رنگ بیک ٹونز لگوائیں۔ نوٹیفکیشن میں اس فیصلے کے حوالے سے کوئی جواز پیش نہیں کیا گیا ہے تاہم مختلف نیٹ ورکس استعمال کرنے والے سرکاری افسران کو رنگ بیک ٹون تبدیل کرنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ رنگ بیک ٹون وہ ساؤنڈ یا میوزک ہوتا ہے جو فون کرنے والے کو کال ریسیو ہونے سے قبل سنائی دیتا ہے، وفاقی حکومت نے کورونا بحران کے دوران اس طریقے کو آگاہی پھیلانے کیلئے استعمال کیا ہے اور آج بھی کسی دوسرے کو فون کرتے ہوئے آپ کو کورونا ویکسین کی آگاہی کے حوالے سے پیغام سنائی دیتا ہے جب تک کہ فون ریسیو نہیں ہوجاتا
بالآخر پی ٹی وی منافع بخش ادارہ بن گیا،1.3 ارب روپے کمائے،فواد چوہدری خسارے کے بعد بالاخر پی ٹی وی ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے لگا،پی ٹی وی منافع بخش ادارہ بن گیا ہے،اس سال ایک اعشاریہ تین ارب روپے منافع ہوا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے مینجمنٹ اور ورکرز کو مبارک باد دی۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے پی ٹی وی کو مسلسل نقصان کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب اربوں روپے کا منافع ہونے لگا ہے،طویل خسارے کے بعد اس سال پاکستان ٹیلی ویژن 1.3 ارب روپے منافع کمایا، نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کے دوروں کے التواکی وجہ سے 30 کروڑکا نقصان ہوا،فواد چوہدری نے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ آئندہ سال ہم منافع کے تمام ریکارڈ توڑلیں گے۔ دوہزار اٹھارہ میں پی ٹی وی کے چھ چینلز کا خسارہ اربوں تک جاپہنچا تھا،پی ٹی وی نیوز ، پی ٹی وی نیشنل ، پی ٹی وی بو لان ، پی ٹی وی گلوبل ، پی ٹی وی اسپورٹس اور پی ٹی وی ورلڈ شامل ہیں،پی ٹی وی ورلڈ نے پانچ سال میں جتنی کمائی کی اتنے اس کے ایک سال کے اخراجا ت تھے۔
رواں برس اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سینیٹ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ چھ ماہ میں ہونے والے اسٹریٹ کرائمز کے واقعات کی تفصیلات پیش کر دیں، تفصیلات کے مطابق 2020 کے مقابلے میں 2021 میں اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسلام آباد میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث 401 مقدمات کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے نقد رقم ، چھینے گئے موبائل فونز، گاڑیاں، موٹر سائیکل اور زیورات بازیاب کروائے گئے جبکہ برآمد کئے گئے سامان کی مالیت دو کروڑ 13 لاکھ 62 ہزار روپے سے زائد ہے۔ سینیٹ میں پیش کئے گئے اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں برس شہر میں پرس چھینے کے 19 واقعات ہوئے، رقم چھینے کے 58، موبائل اور کیش چھیننے کے 73 جبکی کار چھینے کے 19 اور موٹر سائیکل چھینے کے 51 واقعات رپورٹ ہوئے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ آئی سی ٹی پولیس نے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے ایگل سکواڈ قائم کیا گیا ہے جس کے بعد جرائم میں پچاس فیصد کمی آئی ہے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت زمینی نگرانی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں 98 فیصد کیمرے اور 18 ای ایل ٹی ٹاورز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ 4500 مزید کیمرے نصب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔