خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
حکومت پنجاب کی طرف سے صوبے کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے صنعتی یونٹس قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پریزنرز فائونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 17 واں اجلاس ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے کھانے کے لیے خالص آٹا فراہم کرنے کے لیے آٹا پیسنے والی چکیاں تنصیب کرنے کے بعد اخراجات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پریزنرز فائونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 17 ویں اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر میاں سالک جلال، کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر، اے آئی جی سٹیبلشمنٹ شاہرام توقیر، لیڈی سپرنٹنڈنٹ جیل امبر نقوی، اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزنر عاصم رضا کے علاوہ اعزازی ممبران جمعیت تعلیم القرآن ٹرسٹ اور قرشی فائونڈیشن شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کی 5 سینٹرل جیلوں ملتان، بہاولپور، ساہیوال، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں ٹف ٹائل انڈسٹری قائم کرنے کے لیے جدید مشینیں خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔ ملتان سینٹرل جیل میں قیدیوں کی تربیت کرنے اور انہیں مختلف ہنر سکھانے کے لیے واشنگ پائوڈر یونٹ لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ جیل شاہپور میں نہانے کا صابن تیار کرنے کا یونٹ اور شیخوپورہ ڈسٹرکٹ جیل میں ایل ای ڈی لائٹس تیار کرنے کا یونٹ ومرمت کیلئے ورکشاپ قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی سینٹرل جیل میں فینائل تیار کرنے اور گوجرانوالہ سینٹرل جیل میں برتن سازی کا یونٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی سینٹرل جیلوں میں ان انڈسٹریز کی تنصیب کا عمل 1 مہینے میں مکمل کیا جائے گا جس کا مقصد قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانا ہے جبکہ تیار کی گئی مصنوعات مارکیٹ میں سیل ہونے پر قیدیوں کو منافع میں سے حصہ دیا جائیگا۔ محکمہ جیل خانہ جیت وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت قیدیوں کو ہنرمند بنانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار کما کر جرائم کی دنیا کو چھوڑ سکیں۔
سنہرے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے لاکھوں روپے خرچ کر کے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں کو سمگلرز کی طرف سے جھانسہ دے کر کمبوڈیا بھجوائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ بہتر روزگار کے حصول کی خاطر لاکھروں روپے خرچ کر کے غیرممالک کے لیے جانے والے سینکڑوں پاکستانی شہریوں کو سمگلرز نے جھانسہ دے کر کمبوڈیا بھیجا جہاں پر انہیں کمروں میں بند کر کے رکھا گیا ہے۔ ایک متاثرہ پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ سمگلرز نے بہت سے نوجوانوں کو ڈیٹا انٹری کی ملازمت کا جھانسہ دے کر کمبوڈیا میں پہنچایا تاہم اب سب کو کمروں میں بند کر کے رکھا ہوا ہے اور رہا کرنے کے لیے پیسوں کا تقاضا کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا میں پھنسے ہوئے تمام لوگوں کا تعلق صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے جو بہتر روزگار کی تلاش میں یہاں آئے تھے۔ ایک متاثرہ شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ایجنٹ کو 7 لاکھ روپے ادا کر کے 2 مہینے پہلے کمبوڈیا کا ویزا لیا جس سے پہلے ہمیں بتایا گیا کہ وہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں جس کیلئے 3 لاکھ روپے تک ماہانہ تنخواہ ادا کی جائے گی۔ 3 لاکھ روپے تنخواہ ملنے کی امید میں کمبوڈیا پہنچا تو ویت نام کی سرحد کے قریب ایک قصبے میں منتقل کر دیا گیا۔ پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ ہم سے کچھ دستاویزات پر زبردستی دستخط کروا لیے گئے اور کہا مزید 5 لاکھ روپے ادا کرو اور وہاں موجود دوسرے نوجوانوں کو ہیکنگ کی کلاسز لینے کا پابند کیا گیا۔ کمبوڈیا میں ایسے سینکڑوں پاکستانی شہری محصور ہیں ہیں جن سے مزید رقم ادا کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ ان نوجوانوں کو ہیکنگ کا غیرقانونی کام لینے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان سے متاثرہ نوجوانوں نے درخواست کی ہے کہ ان کی رہائی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ دوسری طرف کمبوڈیا میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو کمبوڈیا میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور اب تک سفارتخانے کی مداخلت سے 90 پاکستانی شہریوں کو رہائی دلوائی جا چکی ہے۔
ملک بھر میں تاوان کے لیے شہریوں کو اغوا کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اب اغوا برائے تاوان کے لیے نت نئے ہتھکنڈے اختیار کیے جانے لگے ہیں اور ایسی ہی ایک واردات میں سرکاری گاڑی استعمال ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس سے ایک تاجر کو اغوا کرنے کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تاجر کو اغوا کرنے کے بعد ملزمان نے رہائی کے بدلے 20 ہزار ڈالر تاوان کی مد میں وصول کر لیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سے شیخ خالد نامی تاجر کو 23 ستمبر 2024ء سرکاری گاڑی میں اغوا کیا گیا تھا اور 20 ہزار ڈالرز تاوان وصول کرنے کے بعد اسے رہا کر دیا۔ ڈیفنس بی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق تاجر کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کی واردات کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کی گئی۔ ڈیفنس کے علاقے سے تاجر کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی سرکاری گاڑی میں اغوا کیا گیا تھا، ڈبل کیبن گاڑی میں پسٹل اور کلاشنکوف سے مسلح 5 نامعلوم افراد نے تاجر کو اغوا کیا۔ نامعلوم مسلح ملزمان شیخ خالد کو اغوا کر کے قصور لے گئے اور اہل خانہ سے 20 ہزار ڈالر تاوان کی مد میں وصول کر کے اسے چھوڑ دیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے واقعے کے حوالے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بھارتی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے لبنان میں حزب اللہ مخالف پیجرز حملوں کو سراہتے ہوئے اسے ماسٹر سٹروک قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف اوپیندر دویدی نے لبنان میں حملے کیلئے اسرائیل کی جانب سے شیل فرم کمپنی بنانے کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ کا آغاز اس وقت نہیں ہوتا جب لڑائی شروع ہوتی ہے، جنگ اس وقت شروع ہوجاتی ہے جب آپ منصوبہ بندی کرنا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایک چالاک حکمت عملی اپنائی، انہوں نے اپنے اہم دشمن حماس کو نشانہ بنایا اور پھر حزب اللہ کی طرف توجہ مرکوز کرلی، حزب اللہ کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور لبنان میں دھماکہ خیز مواد بھیجنے کیلئے شیل فرم کمپنی کے قیام کی اسرائیلی چال خالص ذہانت پر مبنی تھی۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے تائیوان سے 6 ماہ قبل 5ہزار پیجرز درآمد کیے تھے، اس ڈیل کی اطلاع موساد کو مل گئی جس کے بعد موساد نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پیجرز کی تیاری کے وقت اس کے بورڈ میں بارود نصب کروادیا، یہ بارودی مواد ایسا تھا جو صرف ایک مخصوص کوڈ کے ملنے پر ہی پھٹ سکتا تھا اور یہ مواد کسی بھی سینسر یا سکینر کی مدد سے تلاش بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔
وفاقی حکومت کی طرف سے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت محکمہ بہبود آبادی کو بند کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت محکمہ بہبود آبادی کو بند کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے اور ادارے کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ادارے کو ختم کرنے کا فیصلہ حکومتی حجم کم کرنے کے پیش نظر کیا ہے جبکہ وفاقی وزارت صحت کو وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مختلف اداروں کو بند کرنے اور ان کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ ایسے اداروں اور ڈویژن کو ضم کرنے کے علاوہ دیگر اقدامات بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ پہلے مرحلے میں وفاقی حکومت کی طرف سے 5 وفاقی وزارتوں کے مختلف ادارے بند کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت متعدد ادارے بند کرنے کی پہلے ہی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں وزارت صنعت وپیداوار کے تحت چلنے والے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سینٹر، نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن بند کرنے کی تجویز ہے، ایسے ہی پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنٹس سنٹر و ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکول ڈویلپمنٹ کمپنی بند کرنے کی تجاویز تیار ہیں جبکہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو فروخت کرنے یا بند کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے وزارت صنعت وپیداوار کو نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ اور نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن بند کرنے کیلئے ٹاسک دیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے رائٹ سائزنگ کے نام سے منصوبہ تیار کیا تھا جس کے تحت خسارے میں چلنے والے مختلف اداروں کی فروخت اور غیرضروری محکمے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا مقصد حکومتی خزانے پر بوجھ کم کرنا ہے۔
سینئر صحافی نے مسلم لیگ ن کی منافقت کو بے نقاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور میر لشکری رئیسانی کے بیانات اور بلوچستان کے سابق سیکٹر کمانڈر خالد فرید کی بطور محقق کتاب کا ٹائٹل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کر دیں۔ سینئر صحافی ماجد نظامی نے ایکس (ٹوئٹر) پر دونوں رہنمائوں کے بیانات کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا: جناب عمار مسعود مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے آئی ایس آئی بلوچستان کے سابق سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر خالد فرید کو بطور ریسرچر ہم جیسے طالب علموں سے متعارف کروایا۔ انہوں نے لکھا : بریگیڈیئر خالد فرید اس سے پہلے تو الزامات کی زد میں ہی رہے کہ انہوں نے بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو گرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2018ء کے انتخابات سے پہلے باپ پارٹی کے سرپرست بن کر مسلم لیگ ن کے ٹکڑے بھی کئے۔ انہوں نے لکھا: بریگیڈیئر خالد فرید کی بطور ریسرچر کتاب کی تقریب کی میزبانی کا شرف مسلم لیگ ن کے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو حاصل ہوا اور اس کے تقریب رونمائی میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے خصوصی خطاب بھی فرمایا اور تو اور وزیراعظم شہباز شریف نے کتاب کا دیباچہ تحریر فرمایا۔۔۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سے سینئر صحافی عمر چیمہ نے سوال کیا کہ کیا یہ بات درست ہے کہ سابق سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر خالد فرید نے آپ کو کہا تھا کہ اگر نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیں تو اگلی حکومت کا حصہ ہوں گے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے خالد فرید تو نہیں تاہم ان کے کارندوں (قریبی لوگوں) نے کہا تھا کہ سٹیبلشمنٹ کی خواہش ہے آپ نوازشریف کو چھوڑ دیں ورنہ آپ الیکشن سے آئوٹ ہو جائیں گے۔ دوسری ویڈیو میں میر لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ راتوں رات بریگیڈیئر خالد فرید میرے ٹیکس کے ذریعے حاصل کی گئی طاقت سے ایک سیاسی جماعت تیار کرتا ہے تو وہ ہمارے نمائندے نہیں ہیں اس لیے ہم انہیں کہتے ہیں جو رات کو پارٹی بناتے ہیں۔ این اے 265 سے میں نے انتخابات میں حصہ لیا، میرا رزلٹ بدلا گیا، ایک جعلی شخص قاسم سوری کی جیت پر ایف سی والے ہوائی فائرنگ کیوں کر رہے تھے؟
پاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری عثمان سمیت پی ٹی آئی کے چار اراکین قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں مسلم لیگ ن ٹریڈرزونگ کے سیکرٹری جنرل زبیر احمد نے بڑادعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 142 ساہیوال سے آزاد حیثیت میں جیتنے والے چوہدری عثمان ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے تین اراکین اسمبلی سے رابطہ منقطع کردیا ہے، یہ تینوں اراکین ترامیم کیلئے حکومت کے ساتھ مل گئے ہیں۔ زبیر احمد نے کہا کہ اس وقت حکومت کے قومی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 219 تک پہنچ گئی ہے، ابھی آگے دیکھیں اور کیا کیا ہوتا ہے۔
پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیادوں پر 4 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان نے تازہ ترین معاشی اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق ستمبر2024 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 6اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق یہ شرح تقریبا چار سال کی کم ترین شرح ہے جو ایندھن اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی بدولت ممکن ہوسکی ہے، تاہم ستمبر 2024 میں ایک گزشتہ سال کے مقابلے میں قیمتوں میں 6اعشاریہ 93 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس(سی پی آئی ) پر ستمبر 2024 میں ماہانہ بنیادوں پر صفر اعشاریہ 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اگست کے مہینے میں اس انڈیکس میں صفر اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں سی پی آئی میں مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد دضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ستمبر 2024 میں سی پی آئی میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 6اعشاریہ 93 فیصد ریکارڈ کی گئی، شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 29 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 3اعشاریہ 65 فیصد رہی۔
رمضان شوگر مل ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف نے ریلیف لینے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی ،اور شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین کے ذریعے حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی ہےجس میں دونوں کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار پر سوال اٹھادیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ نیب کے نئے ترمیمی قانون کے تحت احتساب عدالت کو اس ریفرنس پر سماعت کا اختیار نہیں ہے، عدالت اس ریفرنس کوچیئرمین نیب کو واپس ارسال کرے۔ احتساب عدالت نے درخواست گزار کی استدعا پر نیب سے 11 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔
اٹک میں مریض بن کر چیک اپ کیلئے ڈاکٹر کو گھر بلا کر اس کی نازیبا ویڈیو بنانے اور بلیک میل کرنے والی خاتون کے خلاف ساتھیوں سمیت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک میں ایک ڈاکٹر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہےجس میں ایک لڑکی سمیت 5 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ایک مریضہ لڑکی نے فون کرکے کہا وہ بہت بیمار ہے اور اسپتال نہیں جاسکتی لہذا اسے گھر پر ہی چیک اپ کے بعد دوائی دے جائیں۔ ڈاکٹر کے مطابق جب میں لڑکی کے بتائے ہوئے پتے پر پہنچا تو گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا اوروہاں سے لڑکی نے مجھے اندر آنےکا کہا، میں جب اندر پہنچا تو اچانک پولیس کی یونیفارم پہنے چار افراد اندر داخل ہوگئے۔ مدعی مقدمہ نے کہا کہ ملزمان نے زبردستی میری ایک نازیبا ویڈیو بنائی اور مجھے بلیک میل کرکے مجھ سے95 ہزار روپے چھین کر ڈھائی لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے شکایت کنندہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میں نواز شریف کی گڈ بکس میں نہیں تھا ۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے یہ بیان سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں کی یاد میں منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ میں نواز شریف کی گڈ بکس میں نہیں تھا مگر میں وائیں صاحب کا پیارا تھا، میں ان خوش قسمتوں میں شامل ہوں جنہیں وائیں صاحب نے کبھی ڈانٹا نہیں، انہوں نے میرے سیاسی کیریئر میں بہت ساتھ دیا، وائیں صاحب کو ہارڈ کور کرمنلز نے مارا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایسا سمجھتا جاتا ہے کہ اس وقت ن لیگ، عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی سب سے بڑی ہے، درحقیقت اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بلوچستان کا ہے، میں اپنی جماعت سمیت سب سے پوچھتا ہوں کہ بلوچستان میں کام کیوں نہیں کیا جاتا؟ آج آئین پاکستان ماننے والی آپس میں دست و گریباں ہیں، ان لوگوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے یہاں سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ بناتی ہے جس سےکچھ حد تک مشکلات پیدا ہوتی ہیں، چند لوگ غلطی کرتے ہیں مگر سزا ساری جماعت کو ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ رگڑا کھارہے ہیں وہ اسی وجہ سے اس موڑ پر کھڑے ہیں،سیاسی جماعتیں نچلے درجے پر سیاست کیوں نہیں کرتیں، المیہ ہے کہ سیاسی جماعتوں نے کچھ بھی نہیں سیکھا، کوئی بھی جماعت اپنے منشور پر عمل کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہے، یہاں تو سیاسی جماعتیں اپنا منشور پڑھنے کی ہی روادار نہیں ہیں۔ ۔ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت بس ہر جماعت اپنی باری دے رہی ہے، آج باری دینے والوں کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اب آپ کی باری ہوگی، ریموٹ کنٹرول یا ارب پتیوں کے باعث جمہوریت نہیں چل سکتی، ہم اچھے خاصے لیڈر کا دماغ جھوٹی تعریفیں کرکے خراب کردیتے ہیں۔ رہنما ن لیگ بولے کہ سیاست میں کوئی کسی کو دفن نہیں کرسکتا، نا ہم کسی کو دفن کرسکتے ہیں نا ہی ہمیں کوئی دفن کرسکا ہے، مگر غلطیاں ماننے کو کوئی بھی تیار نہیں ہے۔
کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنما کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے نوجوان نے دم توڑ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر ایک رانگ وے پر آنے والی ریوو گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماردی جس سے موٹرسائیکل چلانے والا نوجوان اطہر شدید زخمی ہوگیا۔ پانچ روز قبل ہونے والے اس حادثے میں زخمی ہونے والے اطہرنے آج اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا ہے، گلشن معمار کے رہائشی اطہر ایم ڈی سی ایڈمن بلاک میں ملازمت کرتے تھے اور دو بچوں کے باپ تھے۔ منگل کے روز ہونے والے اس حادثے میں استعمال ہونے والی سفید ریوو ن لیگ کراچی کے جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ ریحان مصطفیٰ کی تھی ۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں ریحان مصطفیٰ کے بہنوئی اور دو لڑکیاں موجود تھیں جو حادثے کے فورابعد گاڑی سے نکل کر فرار ہوگئیں جبکہ گاڑی چلانے والاملزم زخمی اطہر کو موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ میڈیا پر واقعہ سے متعلق خبریں چلنے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ نے واقعہ کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا، متوفی کے بھائی نے ملزم کی گاڑی کی نشاندہی بھی کی اور ملزم کا گھر بھی تلاش کرلیا مگر ملزم ریحان مصطفیٰ کے والد نے پولیس کو گمراہ کیا اور ملزم کے ریٹائرڈ ڈی ایس پی نے اپنے بھتیجے کو نامعلوم مقام پر چھپادیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
اسرائیل کو حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے ٹھکانے کے حوالے سے معلومات دینے والے شخص کےبارے میں تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ معلومات ایک فرانسیسی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں شائع کی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کو ایک ایرانی جاسوس نے حسن نصر اللہ کی بیروت میں موجودگی کے حوالے سے معلومات دیں۔ رپورٹ میں لبنان کے سیکیورٹی فورسز ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک ایرانی ایجنٹ اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے میں ملوث ہے، اسی ایجنٹ نے اسرائیل کو حسن نصر اللہ ٹھکانے کی خبردی اور اسی کی فراہم کردہ معلومات پر اسرائیلی فوج نے بیرون کے جنوبی مضافاتی علاقے میں حزب اللہ ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا۔ حسن نصر اللہ حزب اللہ کے ڈرون یونٹ کے کمانڈر محمد سرور کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد اس مقام پر پہنچے تھے،اسرائیلی فورسز نے مکمل معلومات کی بنیاد پر حسن نصر اللہ پر زیر زمین 30 میٹر کی گہرائی میں ہونےوالی میٹنگ کے دوران حملہ کیا، اس میٹنگ میں قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر اور حزب اللہ کے اہم لیڈران بھی شریک تھے، اسرائیلی فورسز نے حملے کیلئے وہ وقت چنا جب زیادہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوسکیں۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے جمعہ کی رات جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرنے اور اس حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کے ساتھ ساتھ 20 سینئر کمانڈرز کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم لبنان اور ایران یا حزب اللہ نے باقاعدہ طور پر ان ہلاکتوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
لاہور میں پولیس دفتر داخل ہونے والی جعلی خاتون اے ایس پی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ایک پولیس آفس میں داخل ہونے والی خاتون کو گرفتار کرلیا ہے، خاتون نے جعلی اے ایس پی کی یونیفارم پہن رکھا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دفتر آنے والی خاتون نے یونیفارم تو پولیس کی پہن رکھی تھی تاہم انہوں نے ساتھ ایک فینسی جوتا پہن رکھا تھا۔ خاتون نے دفتر میں داخل ہوکر کہا کہ آفیسر کو باہر بلائیں مجھے ان سے کام ہے، سیکیورٹی اہلکاروں نے فینسی جوتا پر شک پیدا ہونے پر خاتون سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد خاتون کی دونمبر سامنے آگئی اور خاتون پولیس کو اپنے اے ایس پی ہونے کا کوئی ثبوت فراہم نا کرسکی۔ پولیس نے فوری طور پر خاتون کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے، ابتدائی تفتیش کےمطابق خاتون لاہور کے علاقے ڈیفنس کی رہائشی ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوگئی ہے، دنیا کے کئی بڑے ممالک نے افغانستان سے دہشتگردی کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے79ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈلائن پر پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں روس ، چین اور ایران نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے)، مجید بریگیڈ سمیت دیگر دہشتگرد گروپس کے افغانستان سے آپریٹ کرنے اور پڑوسی ممالک کیلئے خطرے کا سبب بننے کی تصدیق کی ہے۔ چار فریقی اجلاس کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروپس کو پناہ نا دینے کے دعوے کو مسترد کیا گیا اور افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سیکیورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ القاعدہ، داعش، تحریک طالبان پاکستان، مشرقی ترکستان اسلام موومنٹ، جیش العدل، بلوچستان لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ جیسی تنظیموں کے دہشت گرد افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں اور یہ دہشت گرد عالمی و علاقائی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ چاروں ممالک نے ان دہشتگردوں کے خلاف کثیر الجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ طالبان حکومت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور اس حوالے سے اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے۔ اجلاس میں چاروں ممالک کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں مہمان بنانے پر پڑوسی ممالک خصوصا پاکستان اور ایران کو سراہا بھی گیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان پر براہ راست شیلنگ اور مبینہ فائرنگ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ اعلان مشیر اطلاعات خیبر پختونخوابیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کیا اور کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنان پر گزشتہ روز براہ راست شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، پرامن کارکنان پر ایسی شیلنگ اور فائرنگ کہاں کا قانون ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کے پی کے حکومت عدالت جائے گی اورایڈووکیٹ جنرل کے پی سے قانونی کارروائی کیلئے کہا جائے گا،قانون کی پاسداری کرنا کوئی خیبر پختونخوا حکومت سے سیکھے، کیا پرامن احتجاج ہمارا حق نہیں تھا؟ہمارے کارکنان پر گزشتہ روز سیدھی سیدھی گولیاں چلائی گئیں اور راولپنڈی شہر اور موٹر وے مقبوضہ کشمیر کا منظر پیش کررہےتھے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل جعلی حکومت نے ماڈل ٹاؤن سانحے جیسا پروگرام بنایا، جعلی راجکماری کی حکمرانی میں پی ٹی آئی خواتین پر شیلنگ کی گئی، کل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو جیسے محفوظ بنایا سب کے سامنے ہے، مگر یہ جعلی حکومت فسطائیت کے ریکارڈ توڑ رہی ہے اور ہمارے دلیر کارکنان نے بدتری فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو کامیاب احتجاج ریکارڈ کروانے پر مباکباد پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تیاری پکڑیں، آئندہ ہفتے علی امین گنڈاپور ایک بار پھر پنجاب میں احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو قتل کرنے کیلئے مخصوص اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جن بموں سے حسن نصر اللہ کو قتل کیا گیا ان کے بارے میں تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز لبنان میں حزب اللہ ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا جس میں حسن نصر اللہ شہید ہوگئے ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق جس عمارت پر حملہ کیا گیا حسن نصر اللہ اس عمارت کی زیر زمین 14ویں منزل میں موجود تھے۔ اسرائیل نے زیر زمین موجود حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کیلئے 85 بنکر بسٹر گم گرائے، اس بم میں سے ہر ایک میں ایک ٹن دھماکہ خیز مواد موجود تھا، یہ بم خاص طور پر زمین میں کئی فٹ نیچے تک یا مضبوط کنکریٹ میں گھسنے کے بعد دھماکہ کرنے کیلئے تیار کی گئے ہیں، تاہم گنجان آباد علاقوں میں اس بم کے استعمال کو جنیوا کنونشن میں ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ یہ بنکر بسٹر بم مخصوص نوعیت کے حامل ہوتے ہیں اور اسرائیلی فضائیہ کے اس اس وقت مختلف قسم کے بنکر بسٹر بم موجود ہیں، جس میں جی بی یو 28 ، جی بی یو 37 اور مساو آرڈیننس پینیٹریٹریا جی بی یو 57 شامل ہیں۔ جی ایم یو 28 کو 1991 میں خلیجی جنگ کے دوران تیار کیا گیا، 5ہزار پاؤنڈ وزنی اس بم کو لیزر گائیڈڈ سسٹم کے ذریعے دشمن کے بنکروں کو تباہ کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ جی بی یو 37 کو جی پی ایس کے ذریعے گائیڈ کیا جاسکتا ہے اور یہ بم خراب موسم کی صورتحال میں بھی اپنے ہدف پر حملہ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ جی بی یو 57 جسے ایم او پی بھی کہا جاتا ہے امریکہ کا سب سے بڑابنکر بسٹر بم ہے،30ہزار پاؤنڈ وزنی بم 200فٹ تک کسی مضبوط کنکریٹ یا زمین میں 60 فٹ نیچے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
حزب اللہ کی طرف سے تنظیم کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کی خبر دیتے ہوئے لبنانی خاتون ٹیلیویژن اینکر جذبات سے مغلوب ہو کر رو پڑیں۔ ذرائع کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ جنرل سیکرٹری وسربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے بعد لبنانی خاتون ٹیلیویژن اینکر ان کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے اپنے جذبات سے مغلوب ہو گئیں اور آنکھوں سے آنے والے آنسو نہ روک سکیں۔ سربراہ حزب اللہ حسن نصرت کی شہادت کی تصدیق کے لیے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ شہید ہو گئے ہیں تاہم اسرائیل کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ حزب اللہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم اور فلسطینیوں کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ لبنان کے دفاع کے لیے اپنا جہاد جاری رکھے گی۔ سربراہ حزب اللہ حسن اللہ کی شہادت کا اعلان لبنان کے ثی وی چینل المنار سے کیا گیا۔ حسن نصراللہ کی شہادت کا اعلان لبنانی ٹی وی چینل المیادین پر براہ راست نشریات میں کیا گیا جس کی خبر دیتے ہوئے خاتون اینکر اپنے جذبات سے مغلوب ہو کر اپنی آنکھوں سے آنے والے آنسو روک نہ پائیں۔ خاتون اینکر کے نم آنکھوں سے حسن نصراللہ کی شہادت کا اعلان کرنے کے دوران نیوزروم میں بیٹھے تجزیہ کار بھی اپنے جذبات پر قابو نہ پا سکے اور تبصرہ کرتے ہوئے دکھ سے خاموش ہو گئے۔ واضح رہے کہ حسن نصراللہ اپنے پیشرو عباس الموسوی کے اسرائیلی گن شپ ہیلی کاپٹر سے شہید ہونے کے بعد 1992ء میں 32 سال کی عمر میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔ عراق کے شہر نجف میں وہ 3 سال تک سیاست اور قرآن کی تعلیم حاصل کرتے رہے جہاں پر ان کی ملاقات لبنانی امل ملیشیا کے رہنماسید عباس موسوی سے ہوئی اور 1978 میں انہیں عراق سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تاجروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کے ساتھ مل کر کام کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سےجاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ کراچی کے دوران تاجر برادری سے ملاقات کی، اس اہم ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے تاجروں کومسائل دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، مایوسی گناہ ہے، ہم نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مایوس نا ہوں نا ہی ملک کی خوشحالی کے بارے میں کبھی ناامید ہوں، ہم نے اجتماعی کاوشوں سے معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو شکست دی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے ، پاکستان کی معاشی بحالی میں برادر دوست ممالک کا کردار قابل ستائش ہے، گوگل، اسٹارلنک اور دیگر عالمی کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر کامیابیوں کا حصول ناممکن ہے۔
ٖ کانپور ٹیسٹ میچ میں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے بنگلہ دیشی مداح پر تشدد کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے جھوٹ پھیلانا شروع کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانپور میں انڈیا بمقابلہ بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہندو انتہا پسندوں نے چاچا پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کے ہر میچ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے پہنچنے والے فین ٹائیگر روبی کو تشدد کا نشانہ بنایا ، بنگلہ دیشی مداح پر ہندوا نتہا پسندوں کے تشدد کی ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں جس سے ساری کہانی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ تاہم غیر ذمہ دار بھارتی میڈیا نے اپنی جعلی پراپیگنڈہ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی جھوٹ کا سہارا لیا اور من گھڑت خبریں پھیلانا شروع کردیں۔ بھارتی میڈیا نے اس سارے معاملے میں تشدد کا نشانہ بننے والے بنگلہ دیشی مداح کو ہی قصوروار ٹھہرانے کی کوشش شروع کردی اور کہا کہ بنگلہ دیشی مداح پانی کی کمی کی وجہ سے گر گئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم بھارتی میڈیا کو اس وقت منہ کی کھانا پڑی جبکہ اسپتال میں زیر علاج بنگلہ دیشی مداح ٹائیگر روبی نے میڈیا رپورٹس کی تردید کی اور کہا کہ مجھ پر بھارتی شائقین کرکٹ نے پیچھے سے حملہ کیا،مجھے بھارتی شائقین نے اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب میں کھاناکھانے نیچے آیا اور مجھے گردے کی جگہ پر چوٹیں آئیں، میں نےکچھ عرصہ قبل ہی گردے کا آپریشن کروایا تھا اسی جگہ چوٹ لگنے پر میری حالت غیر ہوئی جس کے بعد موقع پر موجود ایک پولیس اہلکار نے مجھے اسپتال منتقل کیا، میڈیا اس معاملے کو دبانے کیلئے جھوٹی خبریں نشر کررہا ہے۔

Back
Top