پنجاب میں 17 جولائی کو ہونے والے الیکشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ یہ الیکشن چوری ہو گا اور "پیسے دے کر فیک ویڈیوز بنانے والے ہائر کر لیے گئے ہیں"۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے جی این این کے پروگرام میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن چوری ہو گا "پیسے دے کر فیک ویڈیوز بنانے والے ہائر کر لیے گئے ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے تین اور لوگوں کی ویڈیوز بنانے کے لیے لوگ ہائیر کیے گئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان پر غداری کا پرچہ دے کر پی ٹی آئی کے 10 ، 15 لوگوں کو پکڑ کر حکومت مہنگائی پر قابو پا لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد امریکہ وہ ڈیمانڈ کرے گا جس مقصد کے لیے امریکہ نے رجیم چینج کیا تھا، ہمیں اس ملک کی سلامتی کیلئے دعا کرتے رہنا چاہیے۔ جو سازشوں کے تانے بانے بنے جا رہے ہیں جو خبریں مل رہی ہیں اس کا ایک فیصد بھی ہم میڈیا کو نہیں بتا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بتا دیا ہے، کچھ لوگوں کا مجھے نام معلوم ہوا ہے لیکن میرے پاس ثبوت موجود نہیں ہے۔ 17 جولائی کو الیکشن سے پانچ چھ دن پہلے ابھی اور بھی گندے کھیل کھیلے جائیں گے کیونکہ اس الیکشن کو چرانا ہے ہر حال میں، کس نے؟ میں کسی کا نام نہیں لے رہا، کس نے چرانا ہے، بس ہر حال میں چرانا ہے کیونکہ اسی میں سیاسی پارٹیوں کی بقا ہے اگلے چھ سال کیلئے۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو اگر یہ ضمنی الیکشن پی ٹی آئی جیت جاتی ہے تو حکومت چلی جائے گی، الیکشن سے پانچ چھ دن پہلے اس قسم کے گندے کھیل اور بھی دیکھے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کے پاس ووٹ لینے کیلئے کیا ہے؟ کیا انہوں نے آتے ہیں مہنگائی کم کر دی یا ختم کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتنی تیزی سے دنیا میں کہیں مہنگائی نہیں بڑھی، میں یہ نہیں کہہ رہا ہے اس سب کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔ یہ 50 سال کا گند ہے جب سے ہم آئی ایم ایف کے پاس گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اپنے کیس نیب ترامیم میں اے ٹو زیڈ تبدلی کر لی ہے، سارے لوٹوں کو ٹکٹ دے دیئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں کچھ روز قبل جاسوسی آلات نصب کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔
بعدازاں بنی گالہ میں رپورٹرز کی موجودگی میں عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل ایک شخص کو سر پر کپڑا ڈال کر لائے اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 'ملازم کو ایک ایجنسی نے پیسے دیئے اور آئندہ بھی خرچہ دینے کا کہا تھا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ‘اس ملازم کی عمران خان کے کمرے تک رسائی نہیں تھی اس کیلئے اس کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ وہ کسی ایسے
ملازم کو انگیج کرے جس کو سابق وزیراعظم عمران خان کے کمرے تک رسائی ہو۔ اسی کوشش میں یہ ملازم پکڑا گیا۔‘
شہباز گل نے اپنی ایک ٹویٹ کرتے ہوئے اور بعدازاں یوٹیوب ویڈیو میں بھی کہا تھا کہ ’عمران خان کے کمرے میں جاسوسی ڈیوائس لگوانے کی کوشش نا کام بنائی گئی ہے۔ سکیورٹی نے ملازم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔‘ ملازم کو عمران خان کے کمرے میں ڈیوائس لگوانے کے لیے پیسے دیئے گئے تھے۔
شہباز گل نے اس موقع پر ایک ڈیوائس بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو دکھاتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ پاسورڈ پروٹیکٹڈ ڈیوائس ہے جس میں انتہائی حساس مائیک موجود ہے جو کمرے میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔