ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے لئے پاکستان نے کوششیں کیں، امریکا کا اعتراف

fatf-pak.jpg


غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردی سے متعلق سالانہ امریکی رپورٹ امریکا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے فیٹف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے سمیت دیگر اہم اقدامات کئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے بین الاقوامی منظم جرائم اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو روکنے اور پاکستانی شہریوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے سویلین قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کی۔

رپورٹ جاری کرنے والے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے حملوں کی تعداد اور ان سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔


امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا کہ 2020 میں بھی پاکستان کے اندر دہشت گرد حملے ہوئے۔ اس کی روک تھام کیلئے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے انتہائی اہم کارروائیاں کیں۔

رپورٹ میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار مثبت رہا۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملے پر رپورٹ میں یہ بات کی گئی ہے کہ اگرچہ پاکستان نے ایکشن پلان کو مکمل کرنے کی جانب پیشرفت کی لیکن تمام شرائط کو مکمل نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان "گرے لسٹ" میں رہا۔

امریکی حکومت نے وسیع تر علاقائی سلامتی اور افغانستان میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی سرزمین کے اندر دہشت گرد گروپس کو ختم کرنے کیلئے مزید محنت کی ضرورت ہے۔