ن لیگ عمران خان سے گھبراتی ہے،انہیں لگتا ہے ہاتھ اٹھا لیا گیا:اعتزاز احسن

aitzaz-ahsan.jpg


پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قانون دان چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ ن لیگ عمران خان سے گھبراتی ہے کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا۔ انہوں ںے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو لگتا ہے کہ عمران خان سے ہاتھ اٹھا لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کے پروگرام "بریکنگ پوائنٹ ود مالک" میں میزبان محمد مالک کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کا ہر وقت اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد ملک کی ویڈیو اور کیلبری فونٹ جعلی تھا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بے نظیر بھٹو میں منیجمنٹ کا فرق ہے، صدر بننے کے بعد آصف زرداری کا عوام سے رابطہ کٹ گیا اورعوام سے رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے پارٹی کو نقصان ہوا۔1961 سے پارٹی فنڈنگ کے قانون پر کسی نے توجہ نہیں دی حالانکہ اس قانون پر توجہ دینے کی بہت ضرورت تھی۔

اعتزاز احسن نے یہ بھی کہا کہ ہر آنے والے نے پارٹی فنڈنگ کے قانون سے متعلق لاپرواہی برتی۔ ہمارے لیڈر نے شہزادوں جیسی زندگی گزاری اور پھر انہیں پھانسی دی گئی، جس نے آصف زرداری کی زبان کاٹی وہ آج سینیٹ میں بیٹھا ہے۔


انہوں ںے کہا کہ یہ تو دو دن جیل میں نہیں گزار سکتے ہیں جب کہ ہماری تو پوری کی پوری لیڈر شپ جیل میں رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیارہ گیارہ سال جیلوں میں رکھا گیا ہے، ہم مشکلات برداشت کرنے والے ہیں۔