خبریں

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے خیبرپختونخوا حکومت کے وزراء کیلئے اربوں روپے کی مراعات لینے پر شدید تنقید کر دی۔ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ 500 ارب روپے کا قرضہ صرف اپنی مراعات کیلئے لے لیا ہے، ان لوگوں کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی گئی جس کے بعد ہماری جماعت نے فیصلہ کیا کہ اس تاریخی دھاندلی پر شدید احتجاج کریں گے۔ پشاور میں بھی 9 مئی کو اس حوالے سے احتجاج جلسہ کرنے جا رہے ہیں اور ثابت کریں گے کہ عوام جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان اداروں اور ذمہ داروں سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ 9 مئی کو ہمارے کپڑے نہیں اتارے گئے تھے بلکہ اسلام آباد کی سڑکوں پر آپ کے کپڑے اتارے گئے تھے۔ قوم نہیں بلکہ جو لوگ آپ کے خلاف گئے ایک بار پھر سے انہی لوگوں کو آپ نے حکومت سونپ دی اور انہی کو رعایت دے کر حکومت میں لے آئے۔ انہوں نے اداروں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی والے دن کس نے کس کی تذلیل کی؟ مختلف سیٹوں پر بندربانٹ کی گئی اور اداروں نے اپنی تذلیل کے باوجود بھی انہیں لوگوں کو حکومت دے دی جنہوں نے 10 سال مسلسل اس قوم پر پر حکومت کی۔ ان کے حکومت پر مسلط ہونے سے 9 مئی کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے، جس نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا اور جس نے انہیں مسلط کیا وہ دونوں ہی مجرم ہیں۔ سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 500 ارب روپے کا قرضہ صرف اور صرف اپنی مراعات کے لیے لے کر اپنے وزراء کے گھروں کے کرائے کے لیے بھی 2 لاکھ روپے تجویز کر دیئے ہیں۔ ہمارے مینڈیٹ پر جس نے بھی ڈاکا ڈالا ہے اور جنہوں نے بھی اس حکومت کو ہم پر مسلط کیا ہے وہ دونوں ہی مجرم ہیں۔
فیصل آباد میں ملازم نے تنخواہ نہ ملنے اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا, سوترمندی کے تاجر کے ملازم نے تنخواہ ادا نہ کرنے پر مالک کو واٹس ایپ میسج بھیجنے کے بعد اپنی جان لے لی, فیصل آباد کی مشہور مارکیٹ سوترمندی میں کام کرنے والے حارث نامی ملازم کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا, پولیس کا کہنا ہے کہ حارث نے گزشتہ روز اپنے مالک علی منور کو واٹس ایپ میسج بھیجا، میسج کے بعد اسکا فون بند ہوگیا، اہلخانہ رات بھر تلاش کرتے رہے۔ حارث کی جانب سے خودکشی سے قبل بھیجے گئے پیغام میں کہنا تھا کہ علی صاحب مجھے معاف کردینا، میں ایک قدم اٹھانے والا ہوں,پیغام میں مزید لکھا گیا کہ میں نے آپ، طیب اور منور صاحب سے بڑی منتیں کی تھیں، آپ نے میری تنخواہیں اور میرے بہنوئی کی رقم ادا نہیں کی۔ میں اب اس دنیا سے جارہا ہوں میرے بعد ہی ادائیگی کردینا۔ حارث نے پیغام میں لکھا کہ میں نے 25 سال آپ کی خدمت کی اس کا نتیجہ یہ ملا، علی صاحب میں آپ کی وجہ سے اس دنیا سے جارہا ہوں۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں پولیس نے خودکشی کرنے والے شخص کی زندگی بچالی، کراچی میں فیسیوں کی ادائیگی سے پریشان حال شخص مددگار15 کو اطلاع دی کہ وہ بچوں کی فیس نہ ہونے پرخود کشی کررہا ہے,اظہرنامی شخص کی خودکشی کی اطلاع پر پولیس 7 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور خود کشی کرنےوالے نوجوان کی زندگی بچالی ۔ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ شخص کو مدد کی یقین دہانی کرائی اور اسکول انتظامیہ سےبھی رابط کیا، پولیس کی کاوشوں اور این جی اوز کی مدد سے اسکول فیس ادا کردی گئی,فیس کی ادائیگی کے بعد اظہرعباس نے سندھ پولیس کے ہمدردی کے جذبے پر شکریہ ادا کیا جبکہ کراچی پولیس چیف نے بھی اہلکاروں کو شاباشی دی ۔
امریکی محکمہ خارجہ نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان میں تمام قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے, واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی سفیر کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق سوال پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ڈونلڈ بلوم کی قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور دیگر سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ بلوم نے اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن کے دیگر سینئر اراکین سے ملاقات کی جس میں معاشی اصلاحات، انسانی حقوق، علاقائی سلامتی و دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ عمران خان کے خلاف ’بے بنیاد‘ الزامات اور انسانی حقوق پر بات چیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے میتھیو ملر نے سیاسی غیر جانبداری پر امریکی موقف کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف وہی ہے جو ہم پہلے بیان کر چکے ہیں، پاکستان میں انتخابات سے متعلق کوئی پوزیشن نہیں رکھتے، ہم بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ میتھیو ملر نے سینیٹ اکثریتی رہنما چک شومر کی جانب سے پاکستان میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی حفاظت کے حوالے سے ’انتباہ رپورٹس‘ سے متعلق بھی گفتگو کی,انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ سینیٹر چک شومر نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو بتایا ہو کہ عمران خان کی سیفٹی امریکا کی اہم ترجیح ہے لیکن میں اس ملاقات سے واقف نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے ہم پاکستان سمیت دنیا کے ہر قیدی کے تخفظ کا احترام اور تخفظ کی فراہمی دیکھنا چاہتے ہیں، ہر نظر بند شخص، ہر قیدی بنیادی انسانی حقوق اور قانون کے تحت تحفظ کا حقدار ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کی ملاقات کو مثبت دیکھتا ہوں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکی سفیر کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا، ہم نے امریکی سفیر کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا امریکا سے کوئی اختلاف نہیں۔ وہ پالیسی بیان تھا جو ہم نے دیا تھا، وہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قانونی معاملات پر بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی آج پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد سے پہلی باضابطہ ملاقات ہو گئی ہے جس میں ایم کیو ایم نے اپنے مطالبات پیپلزپارٹی رہنمائوں کے سامنے رکھے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے وفد میں اپوزیشن رہنما علی خورشیدی، اراکین اسمبلی جمال احمد اور افتخار احمد جبکہ پی پی کی طرف سے وزیر داخلہ سندھ ضیاء النجار اور سپیکر سندھ اسمبلی قادر شاہ ملاقات میں شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی طرف سے ملاقات کے دوران سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے متعدد تجاویز دی گئیں اور سندھ اسمبلی کی 14 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ انہیں دینے کا مطالبہ سامنے رکھ دیا ہے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ، صحت، خزانہ، بلدیات، انڈسٹریز اور تعلیم کو ترجیح قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے سپیکر سندھ اسمبلی قادر شاہ سے پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ بھی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے پی اے سی کی چیئرمین شپ سمیت 14 قائمہ کمیٹیوں کی فہرست پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد کے حوالے کر دی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے متحدہ قومی موومنٹ سے قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تجاویز طلب کی تھیں جس پر یہ تجاویز سامنے آئی ہیں اور پیپلزپارٹی کے وفد نے کہا ہے کہ وہ پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ ایم کیو ایم کے مطابق سندھ اسمبلی میں وہ دوسری بڑی سیاسی جماعت ہیں اس لیے 14 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر ان کا حق بنتا ہے۔
برطانیہ میں بانی پی ٹی آئی کے سابق مشیر شہزاد اکبر پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ بند کردیا گیا۔ ہرٹفورڈ شائر پولیس اور انٹیلی جنس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کیس شواہد نہ ملنے پر بند کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کے گھر آنے اور جانے والے راستے کی کئی گھنٹوں کی فوٹیج کا جائزہ لینے کے باوجود مشتبہ شخص نہیں ملا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ پولیس مجرمانہ کارروائی بند کردے مگر میں قانونی کارروائی کروں گا۔ شہزاد اکبر نے گزشتہ ہفتہ حملے کا ذمہ دار حکومت پاکستان کو ٹھہرا کر قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا,, شہزاد اکبر نے گزشتہ برس 26 نومبر کی شام لندن کے قریب تیزاب پھینکنے کی شکایت کی تھی، شہزاد اکبر کو القادر ٹرسٹ کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کے لیے پاکستانی حکام کی طرف سے خط بھی موصول ہوا تھا۔ اخبار کے مطابق ہرٹفورڈ شائر کانسٹیبلری کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ تحقیقات ہے۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ’نومبر سے افسران اس میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے سخت محنت کی۔ اس موقع پر ہم نے تحقیقات کی تمام لائنوں کا جائزہ لیا اور کسی بھی مشتبہ شخص کی شناخت نہیں کر سکے ہیں. شواہد نہ ملنے پر پولیس نے شہزاد اکبر پر حملے کی تحقیقات بند کیں کیونکہ تقریباً 6 ماہ تک جاری رہنے والی حقیقات کے دوران کوئی مشتبہ شخص نہیں ملا۔پولیس کو کئی گھنٹوں کی فوٹیج دیکھنے کے باوجود کوئی مشتبہ شخص نظر نہ آیا۔ پولیس کے مطابق نا کوئی آیا، نا کوئی گیا، کس کو پکڑیں؟ کس سے تفتیش کریں؟شہزاداکبرکوتین ہفتے قبل ہی مشتبہ شخص کی عدم موجودپرآگاہ کردیا تھا، شہزاد اکبر حکومت پاکستان کے خلاف برطانیہ میں کارروائی نہیں کرسکتے۔ برطانوی ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے پولیس کی طرف سے ٹکا سا جواب ملنے پر الزام آئی ایس آئی اور حکومت پاکستان پر دھر دیا۔ذرائع کے مطابق پولیس بھی شہزاد اکبر پر حملے کے حوالے سے پریشان ہے کہ وہ کون سا تیزاب ہے جو چہرے پر پھینکنے پر صرف عینک کے شیشہ کو لگا، فرانزک رپورٹ کے مطابق بھی تیزاب ہوتا تو چہرہ جھلس سکتا تھا۔ اس پر شہزاداکبر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی میڈیا کو آئی ایس آئی کی جانب سے حکم ملا ہے کہ شہزاد اکبر کے تیزاب حملہ پہ نیگیٹو رپورٹنگ کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو میڈیا برطانیہ میں ISI کے خلاف مقدمہ کو رپورٹ نہ کر رہا تھا اب ریٹائر بریگیڈر سے بیپر لے رہا ہےبریگیڈیئر فہیم سے عرض ہے کہ جن صحافیوں کی ٹاسکنگ کرتے ہو وہ خود ہی بتا بھی دیتے ہیں ہماری ڈیوٹی لگی ہے
بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دہشت گرد پاکستان میں دندنانے لگے, کراچی پولیس نے شہر میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ’را‘ کے دو انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا,ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کا کہنا ہے کہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس اور حساس اداروں نے تکنیکی بنیادوں پر مشترکہ ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تربیت یافتہ دو انتہائی ہائی پروفائل دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے دو ہینڈ گرنیڈ، ایک 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت خاور حسین ولد عبدالغنی اور جابر ولد مشتاق کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، ملزمان بیرون ملک سے ملنے والے ٹارگٹ کی ریکی کرتے اور تمام تفصیلات و تصاویر بیرون ملک بھیجتے تھے۔ایس ایس پی حسن سردار نے بتایا کہ ملزمان کو مختلف غیر ملکی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے لاکھوں روپے بھی موصول ہوچکے ہیں، ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا، امریکا اور کینیڈا میں سفارتکاری کی آڑ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کاایک اورنیٹ ورک بے نقاب ہوگیا تھا,2014میں برسراقتدار آنےکے بعدسےہی مودی سرکارنےاکھنڈ بھارت کے منصوبے پر کام شروع کردیا ، ایک جانب مودی سرکارنےبھارت کےاندراقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں شروع کیں تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پردوسرےممالک میں جاسوسی اوردہشت گردی کا آغاز کردیا۔ انتہاپسند مودی کےدورحکومت میں دوسرے ممالک میں دہشتگردی پھیلانےاورٹارگٹ کلنگ کےٹھوس شواہد بھی موجود ہیں ، پاکستان کی سرزمین پر’’را‘‘کےدہشتگردکلبھوشن یادوکی گرفتاری اور بھارت کے وزیر دفاع نےپاکستان کے اندر دہشت گردی کا اعتراف کیا۔ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور امریکا میں پتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی روز روشن کی طرح عیاں ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کو قطر میں بھی جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی۔ دی گارڈین کی رپورٹ کےمطابق بھارت پاکستان اور کینیڈا میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، 30 اپریل کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کوآسٹریلوی ہوائی اڈے اور دیگر حساس دفاعی اور تجارتی علاقوں کی جاسوسی میں گرفتار کیاگیا، خفیہ معلومات چرانے پر پکڑے جانے کے بعد بھارتی جاسوسوں کو آسٹریلیا سے بے دخل کر دیا گیا۔ آسڑیلیا سیکیورٹی انٹیلی جنس آرگنائزیشن کے مطابق بھارتی ایجنٹس آسٹریلیا میں رہنے والے بھارتیوں کی قریب سے نگرانی اور ذاتی مفاد کے لئے سابق سیاستدانوں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرتے ہیں۔ اے ایس آئی او کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنٹس نے ایک سرکاری ملازم کو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی پروٹوکول کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا کہا۔ آسٹریلوی سکیورٹی ڈائریکٹر جنرل مائیک برجیس کا کہنا تھا کی سے منظر عام پر لائی گئی گزشتہ برس امریکی سر زمین پر سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں بھارتی را کا ایجنٹ ملوث تھا، واشنگٹن پوسٹ2020 میں ’’را‘‘کے دو افسران کو آسٹریلیا سے نکالا گیا۔ دی واشنگٹن پوسٹ کی حالیہ رپورٹ میں بھی مودی کی امریکی سر زمین پر دہشتگردی کی سازش بے نقاب کی گئی، را کی جانب سے غیر ملکی سر زمین پر سکھوں کے قتل کے شواہد ملنے کے بعد آسٹریلیا، جرمنی اور برطانیہ میں متعدد بھارتی افسران کو گرفتاری اور سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔ ماضی میں جرمن پولیس نے بھی پکڑے گئے بھارتی خفیہ ایجنٹس کو گرفتار کیا جو سکھوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے میں ملوث تھے۔ امریکی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سے امریکہ کی جانب سے بھارت کو متعدد بار وارننگ جاری کی جاچکی ہے لیکن اب تک مودی سرکار اپنے ہتھکنڈوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ کئی دہائیوں سے بھارتی ایجنسی "را‘‘ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے حربے آزماتی رہی ہے لیکن اب اس نے اپنی دہشتگردانہ کاروائیوں کو عالمی سطح پر پھیلا لیا ہے بھارت کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس اور اس کے جاسوسوں کا پکڑے جانا اس بات کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بھارت کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کریں۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کراچی پولیس کو تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کردی,وزیراعلیٰ سندھ سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف کیڈرز کے افسران کی ملاقات ہوئی مراد علی شاہ نے کہا کہ نیویارک پولیس کی طرح اب سندھ پولیس بھی ٹیکنالوجی کااستعمال کررہی ہے,وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، خطے کی صورتحال کے باعث کراچی ہدف رہا ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ نیویارک اور کراچی میں کافی مماثلت ہے، 10 فیصد جرائم پیشہ افراد 90 فیصد افراد کو متاثر کرتے ہیں، اس رویے کو تبدیل کرنے کےلیے ضروری ہے کہ جرم کرنے والے کو معلوم ہو کہ اس پر نظر ہے۔ نیویارک پولیس کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو سندھ پولیس اور افسران کی ٹریننگ کرنے کی پیش کش کی جسے وزیراعلی سندھ نے قبول کرلیا۔ اجلاس میں طے ہوا کہ دونوں پولیس ڈیپارٹمنٹ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے۔ دوسری جانب محکمہ پولیس سندھ کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے ایک کارروائی کر کے آن لائن اسلحے کی فروخت کرنے والے گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیاسی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک چھاپے کے دوران آن لائن اسلحہ فروخت کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو اسٹریٹ کرائم کیلیے بھی اسلحہ فراہم کرتے ہیں۔ اطلاع کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کے علاوہ دیگر وارداتوں کے لیے بھی اسلحہ فراہم کرتے ہیں۔ سی ٹی ڈی سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد خیبرپختونخوا پولیس کو آگاہ کردیاکردیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں غلام رسول، یوسف، گل حسن اور فرحان شامل ہیں, چند روز قبل سی ٹی ڈی نے اسلحے کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار کو بھی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔
پشاور میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان اور سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی محمد آصف کے درمیان چپقلش سنگین شکل اختیار کرگئی ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک طارق کی جانب سے مبینہ طور پر سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے کے گھر پر حملہ کیا گیا ہےجس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، فوٹیجز میں ن لیگی رکن اسمبلی کو غیر اخلاقی اشارے کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کے ہمراہ مسلح افراد کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کیلئے اسلام آباد میں موجود تھے، واقعہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنما چارسدہ فرار ہوگئے ہیں اگر وہ بہادر ہیں تو اپنے ہجرے میں آجائیں۔ ن لیگی رکن اسمبلی نے سیاسی حریف کے گھر پر دھاوا بولنے سے متعلق الزامات کی تردید کرتے ہوئے حملے اور فائرنگ کے الزام کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے کامیابی ہضم نہیں ہورہی اسی لیے ایسے الزامات عائد کیےجارہے ہیں۔ انہوں نے محمد آصف کے گھر جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے بیچ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جنگ چل رہی ہے، اسی حوالے سے ایک پل کے افتتاح سے متعلق بات کرنے کیلئے میں ان کے گھر گیا تھا۔ واقعہ کے بعد سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سنی اتحاد کونسل کے رہنما ملک طارق اعوان کے گھر پہنچ گئے جبکہ فقیر آباد تھانے کے ایس پی بھاری نفری کو لے کر ن لیگی ایم پی اے کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک طارق کے بارے میں کہاجارہا ہے کہ وہ فارم 47 پر ایم پی اے بنے، انہیں الیکشن میں 3000 ووٹ بھی نہیں ملا تھا جبکہ کامران بنگش واضح طور پر جیت چکے تھے جنہیں ہرانے کیلئے زبردستی ملک طارق کو جتوایا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ گڑھ کے علاقہ بستی جموں دلو میں مبینہ طور پر ایک پنسار کی دکان سے خریدی گئی زہریلی پھکی لے کر کھانے سے 34 سالہ شمیم نامی ایک خاتون سمیت اس کی تین بیٹیاں اور ایک بھتیجی جاں بحق ہو گئی ہے۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر مظہر علی دلو کی مدعیت میں عبدالوہاب نامی پنسار کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق مظہر علی دلو نے عبدالوہاب پنسار سے نزلہ زکام کی پھکی لی تھی۔ مظہر علی دلو نے پولیس کو بتایا کہ اس نے عبدالوہاب پنسار کی دکان سے نزلہ زکام کا بتا کر پھکی لے تھی اور گھر آکر دودھ کے ساتھ بچیوں (5سالہ رخسانہ، 4 سالہ اقصیٰ اور 3 سالہ فرزانہ) اور ان کی والدہ کو کھلائی جبکہ گھر پر اس کے بھائی کی 8 سالہ بھتیجی مسکان بھی موجود تھی جن کی پھکی کھاتے ہی حالت غیر ہونا شروع ہو گئی۔ پھکی کھاتے ہی سب کے پیٹ میں درد ہونے کے ساتھ ساتھ الٹیاں آنے لگیں اور منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گئی، مسکان تھوڑی ہی دیر کے بعد کلیانوالا میں ایک نجی ہسپتال میں جاں کر دم توڑ گئی۔ اپنی 3 بیٹیوں اور ان کی والدہ کو فوری طور پر لے کر سول ہسپتال پہنچے جہاں پر وہ بھی جاں بحق ہو گئیں، ڈاکٹر نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی ہلاکتیں زہرخورانی سے ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اانے کے بعد ہی حقیقت سامنے آئے گی تاہم مظہر علی دلو نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی بیٹیاں اور بیوی کئی دنوں سے نزلہ زکام میں مبتلا تھیں جیسے ہی پنسار عبدالوہاب سے پھکی نما دوائی کھلائی تو اس کی بیوی شمیم اور تمام بچیوں کی حالت غیر ہو گئی اور ہسپتال لے جانے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے عبدالوہاب نامی پنسار کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ عبدالوہاب نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی دوائی یا پھکی نہیں دی، ناحق اسے پھنسایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ سی پی او اور ڈی آئی جی فیصل آباد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تحقیقات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
ہر پاکستانی سالانہ ایک سو پندرہ کلو آٹا کھاتا ہے,محکمہ خوراک کے مطابق سالانہ بنیاد پر پاکستان میں ہر شہری 115 کلو آٹا کھاتا ہے,محکمہ خوراک کے مطابق ملک میں سالانہ 2 کروڑ 80 لاکھ ٹن گندم کی کھپت ہے۔رواں برس چاروں صوبوں میں گندم کا پیداواری ہدف 3 کروڑ 21 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا۔ رواں برس 2 کروڑ 96 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے,ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو 12 کروڑ 78 لاکھ لوگوں کے لیے 1 کروڑ 47 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے جبکہ انہیں بیج کے لیے 8 لاکھ 72 ہزار ٹن گندم کی ضرورت ہے۔ محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب کی گندم کی ضرورت 1 کروڑ 55 لاکھ 55 ہزار ٹن ہے جبکہ پنجاب کا پیداواری ہدف 2 کروڑ 41 لاکھ ہے,محکمہ خوراک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کا پیداواری ہدف 44 لاکھ ٹن، خیبر پختو نخواہ کا 14 لاکھ اور بلوچستان کا 13 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں برس پنجاب اپنی ضرورت سے 86 لاکھ ٹن زائد گندم پیدا کرے گا جبکہ پاکستان میں مجموعی کھپت سے 18 لاکھ ٹن زائد گندم پیدا ہوگی۔ دوسری جانب گندم درآمد اسکینڈل سے متعلق انکوائری کمیٹی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی جانے والی رپورٹ تیار نہیں کی جاسکی، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آج رپورٹ طلبی کی ہدایت جاری کی تھیں. ذرائع کے مطابق ابھی تک کمیٹی نے کسی بھی موجودہ یا سابقہ حکومتی سیاسی شخصیت کوطلب نہیں کیا اورامکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ کمیٹی سیاسی شخصیات سے بھی تحقیقات کا مطالبہ یا تجویزدے سکتی ہے,دوسری جانب اس معاملے پر اہم انکشافات سامنے آئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں گندم امپورٹ کے معاملے پر پنجاب حکومت کی نااہلی سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2023 سے مارچ 2024 تک 330 ارب روپے کی گندم درآمد ہوئی، پی ڈی ایم گورنمنٹ نے جولائی 2023 میں گندم درآمدگی سے متعلق فیصلہ معلق رکھا تھا، نگراں حکومت کے دور میں 250 ارب کی لاگت کی 28 لاکھ میٹرک ٹن درامد گندم پاکستان لنگراندازہوئی، موجودہ حکومت میں 80 ارب کی لاگت کی 7 لاکھ میٹرک ٹن درامد گندم پاکستان پہنچی۔ رپورٹ کے مطا بق مجموعی طور پر پاکستان سے گندم درآمد گی کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرپاکستان سے باہر گئے، اکتوبر 2024 میں ساڑھے 4 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم درامد کی گئی، نومبر 2023 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، ساڑھے3 لاکھ 35 ہزارمیٹرک ٹن گندم دسمبر 2023 میں درآمد کی گئی، جنوری 2024 میں 7 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، فروری 2024 میں ساڑھے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے وزراء پر نوازشات کی برسات کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے کابینہ کے ہر رکن کواضافی 2 لاکھ روپے دینے کی منظوری دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کا پانچواں اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں صوبائی کابینہ ارکان کو مکان کے کرایوں کی مد میں 2 لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دیدی گئی ہے۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے صوبائی کابینہ میں شامل ان وزاء، مشیروں اور معاونین کو ماہانہ بنیادوں پر 70 ہزار کے بجائے 2 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے جن وزراء کا تعلق پشاور سے نہیں ہے، ان کابینہ ارکان کو یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی بھی ان 2 لاکھ روپوں میں ہی شامل ہوگی۔ فیصلے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزراء کیلئے منظور کردہ اضافی فنڈز گھروں کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیلئے صوبائی کابینہ نے فنڈز کی منظوری دیدی ہے، ڈپٹی کمشنروں کو یہ فنڈز خفیہ طریقے سے نہیں بلکہ بینکوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا اور اس کا آڈٹ بھی کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز کو ادائیگی کرنے کیلئے 1ہزار 303 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے بطور انچارج نیشنل فوڈ سیکیورٹی گندم درآمد کا انکشاف۔۔مارچ 2024 میں 57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گندم درآمد کیے جانے کا انکشاف پنجاب میں گندم بحران کا ذمہ دار کون ہے, یہ ہی جنگ جاری ہے, حال ہی میں ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ رواں برس مارچ تک گندم درآمد کا سلسلہ جاری رہا، اور مارچ 2024 میں 57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی۔ گندم درآمد کی تحقیقات کے سلسلے میں 4 رکنی کمیٹی آج بھی اپنا کام جاری رکھے گی، کمیٹی وافر اسٹاک کے باوجود فروری 2024 کے بعد گندم درآمد کا جائزہ لے گی۔ یہ کمیٹی گندم درآمد کی اجازت دینے والوں، اور ایل سیز کھولنے کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کل وزیر اعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 میں 57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گندم امپورٹ کی گئی، اور رواں مالی سال فروری تک 225 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپے کی گندم امپورٹ ہوئی۔ رواں مالی سال مارچ تک 34 لاکھ 49 ہزار 436 میٹرک ٹن گندم یعنی 282 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ کی گندم درآمد کی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نگراں دور میں 27 لاکھ 58 ہزار 226 میٹرک ٹن گندم امپورٹ کی گئی تھی۔ سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا گندم اسکینڈل کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا کام نہیں ہےکہ وہ گندم کی پیداوار دیکھے ، 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی کمی تھی، صرف 34 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کی گئی۔ سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا شو ٹاک شاک میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی مصنوعی طلب صوبوں نے پیدا کی، مصنوعی ڈیمانڈ کرنے والے بیورو کریٹس آج بھی صوبوں میں اہم پوزیشنز پر موجود ہیں۔ گندم درآمد کے معاملے پر نجی ہوٹل میں جب لیگی رہنما حنیف عباسی نے گندم درآمد کا معاملہ اٹھایا تو انوار الحق کاکڑ نے جواب میں کہاتھا کہ اگر انہوں نے فارم 47 کی بات کر دی تو ن لیگ منہ چھپاتی پھرے گی۔سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ٹاک شاک میں انٹرویو میں مزید کہا کہ خفیہ ادارے عدالت کو جوابدہ نہیں ہیں، وہ صرف وزیر اعظم اور وزارت دفاع کو جوابدہ ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر کے ساتھ بہترین تعلقات تھے جبکہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد رابطہ ہوا تھا۔
پنجاب پولیس نے سندھ و پنجاب کی صوبائی سرحد کے کچے کے علاقے میں آپریشن کیا ہے، اس آپریشن میں 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ 7 ڈاکو زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) رضوان گوندل نے آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ و پنجاب کے کچے کے سرحدی علاقے میں پولیس نے آپریشن کیا ہے، آپریشن میں ڈاکو نذیر شر اور عالم شر کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن میں ڈاکو مٹھا شر سمیت 7 ڈاکوؤں کو زخمی کیا گیا، کچے کے مختلف مقامات پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ابھی بھی مقابلہ جاری ہے، آپریشن میں گھوٹکی او راجن پور پولیس کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ صادق آباد، ماچھکہ، کوٹ سبزل اور بھونگ کی پولیس نفری بھی آپریشن میں شامل ہے، جبکہ بگٹی قبیلے کے رضاکار بھی اس آپریشن میں پولیس کے ہمراہ ہیں۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب عثمان انور نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پولیس سے تعاون کررہی ہے، سندھ پولیس نے بھی ہمارا زبردست ساتھ دیا، آپریشن کے دوران اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ رضاکاروں کی آپریشن میں شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آپریشن میں رضاکار شامل نہیں کیے جاتے تاہم وہ انٹیلی جنس معلومات دیتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انفارمرز کے طور پر مدد کرتے ہیں۔
گندم درآمد اسکینڈل پر سابق نگراں وزیر کا تہلکہ خیز انٹرویو سامنے آگیا,سابق نگراں وزیر فوڈ سیکیورٹی نے کہا ہے کہ گندم درآمد کی سمری میرے وزیر بننے سے پہلے جاچکی تھی, گندم درآمد کے مخالف کرنے والے سابق نگراں وزیر فوڈ سیکیورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے اےآروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گندم درآمد کی سمری میرے وزیر بننے سے پہلے جاچکی تھی۔ سابق نگراں وزیر نے کہا کہ سمری بھیجی گئی کہ 5 لاکھ یا 1 ملین ٹن تک گندم درآمد کی جائے جب مجھے معلوم ہوا تو میں نے رائے دی ابھی ہمارے پاس گندم کے وافر ذخائر ہیں، میں نے کہا گندم منگوانے کی ضرورت نہیں، اس لیے ٹی سی پی کے ذریعے گندم نہ منگوائیں۔ ڈاکٹرکوثر نے بتایا کہ ویٹ بورڈ اجلاس میں، میں نے تاریخ دی کہ اس تاریخ کے بعد گندم کا کوئی جہاز نہ آئے، اس تاریخ کے بعد جو کچھ ہوتا رہا علم نہیں اور نہ ہی میرا کردار تھا، ای سی سی میں معاملہ ڈسکس ہوا تو انہوں نے کہا نجی سیکٹر کو امپورٹ کا کہا جائے جب ای سی سی نے اجازت دے دی تو پھر کیا کچھ ہوتا رہا اس کا مجھے علم نہیں ہے۔ سابق نگراں وزیر نے کہا کہ نجی سیکٹر کو امپورٹ کی اجازت دینا میرے اختیار میں نہیں تھا یہ ای سی سی کا کام تھا، وزیر فوڈ سیکیورٹی ای سی سی کا ممبر نہیں ہوتا، ضرورت کے وقت سیکرٹری کو بلایا جاتا ہے,انہوں نے کہا کہ جب کبھی گندم کی کمی ہو تو وہ 2.5 ملین میٹرک ٹن ہوتی ہے مگر 3500 منگوالی گئی، یہ تو ہمارا کلچر ہے افسران کئی چیزیں بتاتے نہیں اور خود ہی چلا دیتے ہیں، ان سیکرٹریز کو پتہ ہوتاہے نگراں وزیر کچھ عرصے کے لیے آئے ہیں اور انکی اتھارٹی بھی نہیں۔ انٹرویو میں سابق نگراں وزیر نے بتایا کہ نگراں سیٹ اپ سے پہلے سمری جاچکی تھی لیکن اگر بعد میں درآمد کو بڑھایا گیا تو ہمیں بتاتے تو روک سکتے تھے، گندم درآمد کے وقت کیپٹن (ر) محمد محمود ہی سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی تھے اور مجھ سے پہلے موجود تھے۔ ڈاکٹر کوثر نے کہا کہ گندم امپورٹ کا معاملہ پہلے کابینہ اور پھر ای سی سی سے منظور ہوا، ای سی سی میں اصل کردار خزانہ اور وزارت تجارت کا ہوتاہے، میں نے ستمبر اکتوبر 2023 کو بتا دیا تھا ہمارے پاس گندم کے ذخائر موجود ہیں، ڈائریکٹوریٹ پلانٹ پروڈکشن امپورٹ ایکسپورٹ کے پرمٹ دیتاہے وہاں بھی گڑبڑ ہے۔ پنجاب میں گندم ذخائر40لاکھ 47 ہزار 508میٹرک ٹن پہلے سے موجود تھے، گندم کو 2600 سے 2900فی من تک درآمد کرکے 4700تک فروخت کی گئی اور گندم کےاسٹاک کو روک کرمصنوئی قلت ظاہر کی گئی۔گندم درآمد سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ درآمدات26ستمبر 2023سے شروع ہوئی اور 31مارچ 2024 تک جاری رہی جو لگ بھگ 6 ماہ کا عرصہ بنتا ہے۔ رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بدقسمتی سے جو ہوا وہ ٹھیک نہیں تھا نہیں ہونا چاہیے تھا، اس سلسلے میں کمیٹی بنا دی ہے اس کی رپورٹ کا انتظار کریں۔
ڈاکو پکڑ میں آئیں یا ناں آئیں لیکن سندھ پولیس کو نئی گاڑیاں مل ہی جائیں گی,وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کے مختلف ونگز کو مضبوط اور متحرک کرنے کے لیے آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کے لیے 177.517 ملین روپے کی منظوری دی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز، کچے کے ڈاکوؤں اور صوبے بھر میں ڈرگ مافیاز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنا ہوں گی۔ حکومت سندھ نے صوبے میں پولیس کو مضبوط اور متحرک کرنے کے لیے کروڑوں روپے فنڈز سمیت عوامی مفاد کے پیش نظر پیپلزبس سروس کا کرایہ جون تک 50 روپے برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جہاں صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کے دوران اس مقصد کے لیے واضح ہدایات دی تھیں اور مجھے ہر صورت امن و امان بحال چاہیے۔محکمہ داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ پولیس، (سی پی او، ایس ایس یو، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایس پی یو)، سیف سٹیز اتھارٹی اور سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری نے آپریشنل مقاصد کی بہتر تکمیل کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی درخواست کی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ پولیس کی 405 گاڑیاں جو کہ اب مکمل طور پر استعمال کے قابل نہیں ہیں، انہیں گاڑیوں کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں اور کابینہ نے غور کے بعد محکمہ داخلہ کو آپریشنل مقاصد کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے لیے 177.514 ملین روپے کی منظوری دی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے پولیس فورس کو بہتر اسلحہ، ایمیونیشن اور تنخواہوں کے پیکجز کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی فراہم کی ہیں تاکہ فورس کو مزید مستحکم و متحرک کیا جاسکے۔ انہوں نے شہر اور کچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے حوالے سے پولیس کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ نگراں کابینہ نے پیپلز بس سروس کو سبسڈی کے طورپر 50 روپے کرایہ پر جاری رکھنے کے لیے 597.756 ملین روپے کی منظوری دی تھی، جس کے حوالے سے 50 فیصدیعنی 289.878 ملین روپے جاری کیے گئے جبکہ بقایا 50 فیصد روپے یعنی 289.878 ملین روپے جاری ہونا ابھی باقی ہیں۔ صوبائی کابینہ نے پیپلز بس سروس کا موجودہ کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کے لیے روکی گئی 50 فیصد رقم 289.878 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی تاکہ رعایتی کرایہ 30 جون 2024 تک جاری رکھا جا سکے۔کابینہ نے پیپلز بس سروس میں مزید 90 بسوں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 1.18 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، بسیں این آر ٹی سی کےتحت خریدی گئی تھیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو کچی سے دسویں جماعت تک نصابی کتب کی مفت فراہمی کے حوالے سے نگراں حکومت نے اضافی بجٹ سمری تیار کی اور تعلیمی سال25-2024کے لیے کتابوں کی خریداری کےحوالے سے 3.5 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا باقاعدہ بجٹ 2530 ملین روپے ہے، جس میں سے 1,265 ملین روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ بورڈ نے مالی سال21-2020 سے آڈٹ رپورٹس بھی پیش نہیں کیں۔کابینہ نے 3.5 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ایس ٹی بی بی کا آڈٹ کر کے کابینہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سندھ میں کندھ کوٹ اور کشمور کے کچے کے ڈاکو ایک سال میں 400 افراد کو اغوا کرچکے ہیں,رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں 2 یرغمالی مارے جاچکے ہیں,سندھ حکومت اور پولیس کے بلند و بانگ دعوؤں کے اور 250 آپریشنز کے باوجود کچے میں مختلف ڈاکو گروہ آزادانہ وارداتیں کرنے میں مصروف ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق کندھ کوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقے میں تیغانی، جاگیرانی، شر، بھیو، بھنگوار گینگ اب بھی موجود ہیں,ڈاکوؤں کے حملے میں 11 پولیس اہلکار شہید اور اتنے ہی زخمی ہوچکے ہیں جبکہ پولیس کارروائی میں 23 ڈاکو ہلاک اور 160 گرفتار کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق بالائی سندھ کے لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں 35 سے 40 افراد ڈاکووں کی تحویل میں ہیں,سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز میں اس وقت ڈاکوؤں کی تحویل میں 200 سے زائد افراد موجود ہیں,دونوں ڈویژنز میں ہر ماہ 20 سے 30 افراد تاوان کے عوض آزاد ہوتے ہیں۔
جمیعت علمائے اسلام کا موجودہ حکومت سے آخری رابطہ بھی ٹوٹ گیا,پیپلز پارٹی کے خیبرپختونخوا کیلئے نامزد صوبائی گورنر کی ہفتے کی شام پشاور میں حلف برداری کے ساتھ ہی موجودہ حکومت کے ساتھ مولانا فضل الرحمٰن کی جمعیت العلمائے اسلام کا آخری رابطہ بھی ختم ہوا, جمعیت کےرہنما اور مولانا فضل الرحمٰن کے سمدھی حاجی غلام علی نئے گورنر فیصل کریم کنڈی کی گورنر ہاؤس میں آمد کے ساتھ سبکدوش ہوگئے. انہیں پی ڈی ایم کی شہباز شریف حکومت نے گورنر متعین کیا تھا وہ ڈیڑھ سال اس منصب پر فائز رہے انکی آخری سیاسی مصروفیات گزشتہ ہفتے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے انکی اقامت گاہ پر ملاقات تھی۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ سبکدوش گورنرکے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ امین گنڈا پور کے ساتھ مراسم حد اعتدال پر تھے ۔ فیصل کریم کنڈی کے تقرر سے پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کی سرپرستی کی روایت کو برقرار رکھا, وہ شروع سے ہی پیپلز پارٹی کیلئے سرگرم تھے اور گورنر مقرر ہونے سے پہلے اس پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات تھے جسکے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں اس طرح وہ بلاول کا انتخاب ہیں لائق اعتماد سیاسی حلقوں کے مطابق گورنر ہاؤس کے ساتھ پشاور کے وزیراعلیٰ ہاؤس کو اپنے تعلقات میں غیرمعمولی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ کنڈی نہ صرف فعال اور کریز سے باہر نکل کر کھیلنے والے کھلاڑی کی شہرت رکھتے ہیں بلکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی اس سیاسی تکون کا بھرپور حصہ ہیں جس میں مولانا فضل الرحمان اور صوبائی وزیر اعلیٰ امین گنڈا پور انکےحریف ہیں۔ فیصل کریم کنڈی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکررہےہیں وہ مولانا فضل الرحمٰن کو ان کی آبائی نشست ڈیرہ اسماعیل خان سے شکست دیکر قومی اسمبلی کے رکن بنے تھے اور یہ وہی تاریخی اور حکومتی نشست سے جہاں سے مولانا فضل الرحمٰن کے مرحوم والد مولانا مفتی محمود نےذوالفقار علی بھٹو کو 1970کے عام انتخابات میں ہرایا تھا ۔ مولانا فضل الرحمٰن دو مرتبہ قومی اسمبلی کی اس نشست سے فیصل کنڈی کو بھی ہرا چکے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی گنڈا پور سے بھی شکست کھا چکے ہیں فروری 2024کے انتخابات میں فیصل کنڈی نے حصہ ہی نہیں لیا تھا یہاں سے گنڈا پور جیت گئے تھے۔ وزیراعلیٰ اور انکی کابینہ کے ارکان نے صوبائی گورنر کے طورپر فیصل کنڈی کی حلیف برادری کا بائیکاٹ کرکے اپنے ارادوں کا اظہار کردیاہے انہوں نے گورنر کیلئے تہنیتی پیغام ارسال کرنے سےگریز اختیار کرکے پیغام دیا ہے کہ وہ انکے لئے خیرسگالی روا رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی سیاسی قیادت کے پاس خود چل کر جانے کا اعلان کردیا,پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا کی حلف برداری تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صوبہ ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور مالی بحران بھی ہے، اس بحران کو ختم کریں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے کی سیاسی جماعتوں کے صوبائی سربراہان کو فون کیا، سیاسی قیادت کے پاس خود چل کر جاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن بھی لائیں گے اور مالی بحران بھی ختم کریں گے، ہم مل کر صوبے کا مقدمہ مرکز میں لڑیں گے۔گورنر خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر مرکز سے اپنے حقوق مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر صوبے کا مقدمہ لڑیں، صوبائی حکومت کو یقین دلاتا ہوں آپ کا وکیل بن وفاق میں مقدمہ لڑوں گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک دوسرے کا گریبان پکڑ کر نہیں مل جل کر مسائل کا حل نکالیں گے، ہم نے صوبے کی ترجیحات کو دیکھنا ہے سیاسی مخالفت کو نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا بیان کچھ دن پہلے کا ہے میں آج آیا ہوں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت اور مذاکرات کی بات کی ہے,گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سابق فاٹا کے عوام سے جو وعدے کیے، ان کی ترقی کےلیے کام کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی بڑی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے دو صوبوں میں اپنے گورنروں کی تقرری کے بعد وفاقی حکومت میں بھی شامل ہونے کا اصولی فیصلہ کرلیا، 8 وزارتیں ملنے کا امکان ہے تاہم وزارتوں کے انتخاب اور تعداد کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے, گو کہ پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت کے بارے میں اسلام آباد میں موجود پارٹی کے اہم ذرائع کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان یا تصدیق نہیں کی گئی لیکن اس فیصلے کو فی الوقت امکان ظاہر کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد بھی نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ون آن ون ملاقات کے بعد سامنے آئی,بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دونوں صوبوں کے گورنرز کی نامزدگی کا معاملہ زیر بحث آیا جبکہ مسلم لیگی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے بلاول بھٹو کو وفاقی حکومت میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دی، بعض وزارتوں کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ ایک سوال کے جواب میں مذکورہ ذرائع نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بحیثیت وزیرخارجہ سابقہ کارکردگی کو ملک کے خارجہ امور میں کارکردگی کا شاندار عرصہ قرار دیا,ذرائع کے مطابق مجوزہ فیصلے پر عملدرآمد کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کو آٹھ وزارتیں مل سکتی ہیں جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن پہلے ہی پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد کو بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے دوسری جماعتوں کی حمایت سے مرکز میں حکومت بنانے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا تھا,اس وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے اور (ن) لیگ کے وزارت عظمٰی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ اس وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہم وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے اور (ن) لیگ کے وزارت عظمٰی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے,بعد ازاں پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے شہباز شریف اور اسپیکر کے عہدے کے لیے ایاز صادق کو ووٹ دیا تھا. گزشتہ روز ہی پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا اور سلیم حیدر کو گورنر پنجاب کے عہدوں کے لیے نامزد کیا تھا۔ ڈان نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر کو گورنرز نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر دونوں پارٹی کے ورکرز ہیں۔ گورنرز کی نامزدگی کے حوالے سے خبریں سامنے آنے سے قبل وزیر اعظم شبہاز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا,دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی تعیناتی پر بھی مشاورت کی گئی تھی۔
عمران لالیکا کی حماد اظہر پر تنقید, حماد اظہر کا کرارا جواب عمران لالیکا نے ٹویٹ کیا کہ بقول شعیب شاہین علی بخاری چیئرمین جناب عمران خان نے نارتھ پنجاب کے صدر کے لئے جناب میجر طاہر صادق صاحب کا نام فائنل کیا تُھا اور آج بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے اس ہیرے کا نوٹیفیکیشن نکال دیا. جبکہ حماد اظہر یہ نوٹیفیکیشن نکالنے کی اتھارٹی ہی نہیں رکھتا کیونکہ وہ خود صوبائی جنرل سیکرٹری ہے سینٹرل پنجاب کا اس کی ڈومین ہی نہیں ہے کسی دوسرے حصے میں دخل اندازی کرنا انہوں نے لکھا یار کیوں تم لوگ سیزنڈ سیاستدانوں کو جن کو حلقوں کا پتہ ہے عوام میں جڑیں ہیں ان کو پارٹی کےمعاملات سے دور رکھ رہے ہو کچھ خدا کا خوف کرو. جواب میں حماد اظہر نے ٹویٹ کیا پہلی بات پنجاب کے تمام ریجن پنجاب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کی ذمے داری ہیں۔ آپ کی رائے غلط ہے کے میں سنٹرل پنجاب کا جنرل سیکرٹری ہوں۔ پچھلے 6 ماہ سے پنجاب کی صدارت اور جنرل سیکرٹری کا چارج میرے پاس ہے,دوسری بات یہ نوٹیفکیشن عمران خان صاحب کی براہ راست ہدایات کا نتیجہ تھا جو مجھے باضابطہ طور پارٹی کی جانب سے پہنچایا گیا۔ حماد اظہر نے مزید کہا تیسری بات ملک تیمور کی فیملی کو 2024 کے انتخابات عمران خان صاحب کی خصوصی ہدائت پر دو ٹکٹ دییے گئے۔ ان کا بھائی ہمارا منتخب ایم پی اے ہے اور ان کی والدہ 45 این اے فارم کی فاتح ہیں,چوتھی بات یہ کے مجھے یاد نہیں پڑتا کے میں نے کبھی ملک تیمور ملاقات یا بات کی ہو اور میں نے خالصتاً عمران خان سے ملنے والے احکامات پر عمل کیا ہے اور ان سے یا کسی دوسرے شخص کے عہدہ سنبھالنے سے کوئی غرض نہیں۔ صرف پارٹی کی لئے کام اور عمران خان صاحب کے حکم کی تعمیل سے ہے۔ شکریہ۔ حماد اظہر بولے ویسے شیعب شاہین صاحب سے بات ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کے ایک ماہ پہلے خان صاحب نے بطور آپشن صرف ڈسکس کیا تھا میجر صاحب کا نام جبکہ یہ ہدایت ابھی تازہ موصول ہوئی ہے۔ سوکت بسرا بھی اس وقت وہاں موجود تھے۔
ججز تقرری، آئینی ترامیم کا فیصلہ، قانون سازی کیلئے کام شروع ہوچکا، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون کا انکشاف وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری کے حوالے سے نئی قانون سازی کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا,قانون سازی پر کام بھی شروع ہوچکا ہے، اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر قانون نے جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں کیا. جسٹس منیب اختر نے ان سے استفسار کیا کہ کیا ان ترامیم کے نتیجے میں ممکنہ طور پر جوڈیشل کمیشن کی کمپوزیشن تبدیل ہوسکتی ہے؟تو انہوں نے بتایا کہ غالب امکان یہی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی موجودہ کمپوزیشن تبدیل ہوجائیگی، جبکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے متفقہ طور پر طے کیا ہے قواعد وضوابط سے متعلق نئی مجوزہ قانون سازی تک ججوں کی تقرری کیلئے مروجہ طریقہ کار ہی برقراررکھا جائیگا۔ چیف جسٹس نے کہا بے شک ججز اپنی رائے نہ دیں، بار کونسلز سے موقف سن لیتے ہیں, اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس ریٹائرڈ منظور اے ملک کی سربراہی میں قائم رولز میکنگ کمیٹی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے رولز میں ترامیم کا ایجنڈا زیر غور تھا, اجلاس کی ابتدا میں ہی وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تارڑنے فاضل ممبران کوآگاہ کیا کہ حکومت اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کے حوالے سے آئین کی دفعہ 175اے میں ترمیم لانے کی خواہاں ہے اور اس ضمن میں قانون سازی پر کام شروع ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منیب اختر نے ان سے استفسار کیا کہ کیا ان ترامیم کے نتیجے میں ممکنہ طور پر جوڈیشل کمیشن کی کمپوزیشن تبدیل ہوسکتی ہے؟تو انہوں نے بتایا کہ غالب امکان یہی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی موجودہ کمپوزیشن تبدیل ہوجائیگی ،جس پر فاضل جج نے کہا کہ پھرکمیشن کے رولز میں مجوزہ تبدیلیوں پر بحث کی توضرورت ہی نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ،جسٹس ملک شہزاد احمد نے رائے دی کہ آئینی ترمیم جب ہونگی تب دیکھا جائے گا؟ فی الحال ان رولز پر اتنا کام ہوا ہے تو یہ محنت ضائع نہیں ہونی چاہیے تاہم جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ان حالات میں میں ان مجوزہ رولز پر کوئی رائے نہیں دونگا۔ ایک روز قبل پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کی تشکیل نو کی گئی تھی,نوٹیفکیشن کے مطابق فاروق ایچ نائیک،انوشہ رحمان،حامد خان اور محسن عزیز کمیٹی میں شامل ہونگے,وزیر دفاع خواجہ آصف،شازیہ مری،لطیف کھوسہ اور علی محمد خان بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے,پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کی منظوری دیتی ہے۔ جیو نیوز کے ٹاک شو ’آج شاہزیب خانزاہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کی مدتِ ملازمت 3 سال کرنے یا پھر سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سے بڑھا 68 سال کرنے کی تجاویز سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تجاویز کو یکسر مسترد نہیں کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ججز کی تعیناتی کے لیے آئینی ترمیم کی ہدایت کردی ہے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ’ تاہم ابھی تک بطور وزیرقانون کام کی ہدایت نہیں ملی لیکن اس معاملے کو مسترد نہیں کریں گے’۔
موجودہ حکومتی نظام انتہائی پیچیدہ ہے جسے کوئی ایک نہیں چلا سکتا، سب مل کر ہی چلا سکتے ہیں: مصطفیٰ نواز سابق وزیراعظم ورہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور سابق رہنما پاکستان پیپلزپارٹی مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اس وقت مشکل ترین دوراہے پر کھڑا ہے اور اسے مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس لیے سارے معاملات سیاستدانوں کے حوالے کر دیں یا پھر خود ہی سنبھال لیں۔ ملک کے تینوں بڑے سیاسی رہنمائوں نے آرمی چیف کے لیے یہ پیغام ایک انٹرویو دیتے ہوئے دیا۔ ملک کے معروف سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ملک اس وقت مشکل ترین دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کے مسائل کا حل فوج کے پاس موجود نہیں ہے، ملک کو اس وقت جس ہائبرڈ نظام سے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اس سے یہ ملک نہیں چل سکتا۔ آرمی چیف کو چاہیے کہ وہ ملکی معاملات کو سیاستدانوں کے حوالے کر دیں کیونکہ موجودہ ہائبرڈ نظام سے ملک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہی چلتا رہا تو ملک کے مزید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، یہ فوج ہم سب کی ہی فوج ہے، ملک کے عوام کی فوج ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاک فوج ایک نظم ونسق کے مطابق چلے۔ ملک کے فوج کی سیاست میں مداخلت درست نہیں ہے، موجودہ حکومتی نظام انتہائی پیچیدہ ہو چکا ہے جسے کوئی ایک نہیں چلا سکتا، اسے سب مل کر ہی چلا سکتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے آرمی چیف کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دو نظام ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اس ملک کو صرف ایک ہی نظام کے ساتھ چلایا جا سکتا ہے۔ ایک ملک کو 2 نظام کے ساتھ چلانا غلط فیصلہ ہے، فوج، حکومت اور عدلیہ کو ملک کے لیے ایک ساتھ چلنا چاہیے اور نظام بھی صرف ایک ہی ہونا چاہیے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو ایک فیصلہ کرنا ہو گا کہ یا تو وہ خود آ جائیں یا ملک چلانے کے لیے موجودہ حکومت کے نظام کو درست کریں اور ملک میں صاف وشفاف انتخابات کروائیں، علی امین گنڈاپور ہو یا مریم نوازشریف ان کو جمہوری عمل سے آگے آنا چاہیے۔ ملک کو جمہوری طریقے سے ہی چلنا چاہیے اس کے لیے عوام کو ہر فیصلہ ہمیں قبول کرنا چاہیے اور اس کا فیصلہ آرمی چیف بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔