وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری اور فلاح و بہبود کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انہیں مفت گائے اور بھینسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دیہی خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنا اور ان کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی "دھی رانیوں" کے لیے یہ پیکج تاریخی نوعیت کا ہے، جس کے تحت 12 اضلاع کی 11 ہزار دیہی خواتین کو 2 ارب روپے کی لاگت سے گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔ یہ اقدام ان خواتین کو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ پنجاب کے لائیواسٹاک سیکٹر کو بھی تقویت دے گا۔
منصوبے کے تحت ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، راجن پور، اور کوٹ ادو کی دیہی خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سی ایم لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے 80 ہزار مویشی پال فارمرز کو 27 ہزار روپے فی جانور بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ، رجسٹرڈ ڈیلرز سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک ونڈا، منرل مکسچر، اور سائلج خریدنے کی سہولت بھی دی جائے گی، جو چار ماہ کی مساوی اقساط میں بلاسود ادا کی جا سکے گی۔
لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے چار لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کے لیے تیار کیے جائیں گے۔ مویشیوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کے لیے اینیمل آئیڈنٹیٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم نافذ کیا گیا ہے، اور فارمرز کے لیے ایک ہیلپ لائن بھی فعال کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
یہ منصوبہ دیہی خواتین کو مالی خودمختاری دینے کے ساتھ پنجاب کی معیشت کو بھی فروغ دے گا۔ پنجاب میں لائیواسٹاک سیکٹر کی ترقی نہ صرف دیہی علاقوں کے لیے بلکہ صوبے کی مجموعی معیشت کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔